اپ ڈیٹ 31 جنوری 2026 10:15pm

ایران کے دو شہروں میں رہائشی عمارتوں میں دھماکے، 5 افراد ہلاک، 14 زخمی

ایران کے شہر بندر عباس اور اہواز میں دو الگ، الگ دھماکوں میں مجموعی طور پر پانچ افراد ہلاک اور 14 زخمی ہوگئے ہیں۔ ایرانی حکام نے ان واقعات کو گیس لیکج کا نتیجہ قرار دیا ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق دھماکا بندر عباس کے علاقے معلم بلیوارڈ میں واقع آٹھ منزلہ عمارت میں ہوا، جس سے عمارت کی دو منزلیں مکمل طور پر تباہ ہو گئیں جبکہ آس پاس کھڑی کئی گاڑیوں اور قریبی دکانوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

ایران کے نیم سرکاری خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق دھماکے میں ایک شخص ہلاک جبکہ 14 زخمی ہوئے ہیں۔ ایرانی میڈیا نے پاسدارانِ انقلاب کی بحری فوج کے کمانڈر کو نشانہ بنانے کی اطلاعات کو غلط اور بے بنیاد قرار دیا ہے۔

مقامی فائر ڈپارٹمنٹ کے سربراہ محمد امین لیاقت نے بتایا کہ ابتدائی جانچ کے مطابق دھماکا گیس کے اخراج کی وجہ سے ہوا۔

گیس اخراج کے باعث دوسرا دھماکا عراق کی سرحد کے قریب واقع ایرانی شہر اہواز میں ہوا، تہران ٹائمز کے مطابق دھماکے میں چار افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ ایران کے شہر بندر عباس میں واقع بندرگاہ آبنائے ہرمز پر واقع ہے جو ایران اور عمان کے درمیان ایک انتہائی اہم آبی گزرگاہ سمجھی جاتی ہے۔

عالمی سطح پر سمندری راستے سے ہونے والی تیل کی ترسیل کا تقریباً پانچواں حصہ اسی راستے سے گزرتا ہے جس کے باعث یہ علاقہ اسٹریٹجک طور پر انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔

دوسری جانب ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی عروج کو پہنچ چکی ہے۔ امریکا کی جانب سے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سخت بیانات کے بعد بحری بیڑے بھی خطے میں تعینات ہیں۔

Read Comments