سونے کی قیمت میں اچانک دوبارہ بڑی کمی، سرمایہ کاروں نے سر پکڑ لیے
مقامی اور عالمی سطح پر سونے کی قیمت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے باعث سونا خریدنے کے خواہشمند افراد کو وقتی طور پر کچھ ریلیف ملا ہے، لیکن سرمایہ کاروں کو بھاری نقصان ہوا ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق ملک میں آج بھی فی تولہ سونا اچانک 25 ہزار 500 روپے سستا ہو گیا، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 5 لاکھ 11 ہزار 862 روپے فی تولہ کی سطح پر آ گئی ہے۔
اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت میں بھی واضح کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
دس گرام سونا 21 ہزار 862 روپے سستا ہو کر 4 لاکھ 38 ہزار 839 روپے فی تولہ میں فروخت ہونے لگا ہے۔
جیولرز کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں سونے کی قیمت میں کمی کا اثر براہ راست مقامی مارکیٹ پر پڑا ہے۔
عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونا 255 ڈالر سستا ہوا ہے، جس کے بعد اس کی قیمت 4 ہزار 895 ڈالر فی اونس کی سطح پر آ گئی ہے۔
ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر معاشی حالات، ڈالر کی قدر اور سرمایہ کاروں کے رجحانات سونے کی قیمت پر اثر انداز ہوتے ہیں، جس کی جھلک اب مقامی منڈی میں بھی نظر آ رہی ہے۔
سونے کے ساتھ ساتھ چاندی کی قیمت میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ ملک میں فی تولہ چاندی کی قیمت 2 ہزار 63 روپے کم ہو گئی ہے، جس کے بعد فی تولہ چاندی 9 ہزار 6 روپے کی سطح پر آ گئی ہے۔
بازار سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں اس کمی کے بعد سونے اور چاندی کی خرید و فروخت میں کچھ بہتری آ سکتی ہے، تاہم حتمی رجحان کا انحصار آنے والے دنوں میں عالمی مارکیٹ کی صورتحال پر ہوگا۔
خریداروں کی جانب سے بھی محتاط رویہ اختیار کیا جا رہا ہے اور بہت سے لوگ قیمتوں میں مزید کمی کے انتظار میں دکھائی دے رہے ہیں۔