سانحہ گل پلازہ: پولیس نے جانی و مالی نقصان کا ذمہ دار انتظامیہ کو ٹھہرا دیا
کراچی پولیس نے گل پلازہ میں لگنے والی آگ سے ہونے والے بھاری جانی و مالی نقصان کا ذمہ دار پلازہ کی انتظامیہ کو قرار دیتے ہوئے ابتدائی رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی ہے۔
نبی بخش تھانے کی جانب سے جمع کرائی گئی ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ غفلت اور لاپرواہی کے باعث آگ کے واقعے میں بڑا نقصان ہوا۔
رپورٹ کے مطابق پلازہ میں فائر سیفٹی آلات موجود نہیں تھے اور نہ ہی ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے کوئی انتظامات کیے گئے تھے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پلازہ کے داخلی اور خارجی راستے بند تھے، جس کے باعث لوگوں کو بروقت باہر نکلنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بجلی بند ہونے سے بھی صورتحال مزید خراب ہو گئی اور جانی و مالی نقصان میں اضافہ ہوا۔
پولیس کے مطابق مقدمے میں مزید تفتیش کی جائے گی، جس کے بعد واقعے کے ذمہ داروں کا تعین کر کے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
دوسری جانب فائر بریگیڈ کے جائے وقوعہ پر دیر سے پہنچنے پر کے ایم سی کے سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز کو معطل کر دیا گیا ہے۔
ادھر سانحے کی جوڈیشل انکوائری کے لیے صوبائی حکومت کی جانب سے لکھا گیا خط سندھ ہائیکورٹ کو موصول ہو گیا ہے۔
عدالت نے جواب میں کہا ہے کہ یہ خط انکوائری کمیشن سے متعلق سپریم کورٹ کے دو ہزار تیئس کے فیصلے کے مطابق نہیں، لہٰذا خط گورنر سندھ کو پیش کیا جائے۔