شائع 30 جنوری 2026 01:05pm

تاریخی بلندی کے بعد سونے کی قیمتوں میں بڑی کمی، فی تولہ کتنا سستا ہوا؟

سونے کی قیمتوں میں آج غیر معمولی کمی دیکھنے میں آئی ہے، جو مارکیٹ کے لیے حیران کن کمی واقع ہوئی ہے۔ عالمی سطح پر سونے کی قیمت ایک دن میں 4 فیصد سے زائد گھٹ کر 5,150 ڈالر فی اونس پر آگئی، جبکہ گزشتہ دنوں یہ 5,594 ڈالر کی ریکارڈ سطح پر تھی۔

مقامی مارکیٹ میں بھی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے نتیجے میں دس گرام سونا 30,435 روپے اور فی تولہ 35,500 روپے سستا ہو گیا۔

اس کے ساتھ ہی فی تولہ سونے کی قیمت 5 لاکھ 37 ہزار 362 روپے پر آگئی، جبکہ دس گرام کی قیمت پہلی بار 4 لاکھ 60 ہزار 701 روپے ریکارڈ کی گئی۔

واضح رہے کہ صرف 29 دنوں میں مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 1 لاکھ 18 ہزار روپے کا ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا تھا، جب قیمت 4 لاکھ 54 ہزار روپے سے بڑھ کر 5 لاکھ 72 ہزار روپے تک جا پہنچی تھی۔ ماہرین کے مطابق یہ اضافہ سونے کی تاریخ میں ایک غیر معمولی رجحان ہے، کیونکہ ایک سال کا اضافہ صرف ایک ماہ میں ریکارڈ کیا گیا۔

مارکیٹ تجزیہ کاروں کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں کمی اور ملکی کرنسی کی صورتحال نے مقامی قیمتوں پر براہِ راست اثر ڈالا ہے۔ سرمایہ کاروں کے لیے یہ وقت نہ صرف محتاط رہنے کا ہے بلکہ مارکیٹ میں جلد فیصلہ کرنے کی بھی ضرورت ہے، کیونکہ قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کسی بھی وقت بڑے مواقع یا خطرات پیدا کر سکتا ہے۔

اس کے ساتھ ہی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ سونے کی قیمتیں فی الحال کم ہوئی ہیں، لیکن عالمی اور ملکی عوامل کے پیش نظر مستقبل میں مزید اتار چڑھاؤ متوقع ہے، جس کے پیش نظر سرمایہ کاروں کو خبردار رہنے کی ضرورت ہے۔

Read Comments