شائع 29 جنوری 2026 11:09pm

محکمہ موسمیات نے بارش اور برف باری کے نئے اسپیل کی پیشگوئی کردی

محکمہ موسمیات نے 31 جنوری سے ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور برف باری کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کردی ہے جب کہ بالائی اور پہاڑی علاقوں میں موسم کی شدت کے باعث شہریوں اور سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ایک کمزور مغربی ہواؤں کا سلسلہ 30 جنوری سے ملک کے مغربی اور شمالی علاقوں میں داخل ہوگا جو 3 فروری تک برقرار رہے گا۔

31 جنوری سے تین فروری کے دوران شمالی بلوچستان، شمالی علاقوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبر پختونخواہ کے بیشتر علاقوں میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ بارش اور ہلکی سے درمیانی برف باری کا امکان ہے۔

یکم سے تین فروری کے دوران اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، سیالکوٹ، گجرانوالہ اور گردونواح میں بارش متوقع ہے جب کہ مری، گلیات اور ملحقہ علاقوں میں بارش اور برف باری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

31 جنوری سے یکم فروری کے دوران بلوچستان کے شمالی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور برف باری کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ برف باری کے باعث سڑکوں پر پھسلن سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے جب کہ بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی موجود ہے۔

اس حوالے سے سیاحوں اور مقامی افراد کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Read Comments