اپ ڈیٹ 29 جنوری 2026 07:28pm

’ہمارے نئے جوتے دماغ میں تبدیلیاں پیدا کرسکتے ہیں‘: نائکی کا دعویٰ کتنا درست ہے؟

امریکی جوتوں کی کمپنی نائکی نے اپنی نئی جوتوں کی سیریز ”نائکی مائنڈ“ متعارف کروائی ہے، جس میں ”مائنڈ 001“ اور ”مائنڈ 002“ شامل ہیں۔ کمپنی کے مطابق یہ جوتے پہننے سے نہ صرف جسمانی کارکردگی بہتر ہوتی ہے بلکہ دماغی حالت، توجہ اور ارتکاز پر بھی مثبت اثر پڑتا ہے۔

نائکی کا کہنا ہے کہ یہ جوتے پاؤں کے نیچے ہلکی تحریک دے کر دماغ کے مخصوص نیورل راستوں (نیورل پاتھ ویز) کو فعال کرتے ہیں، جس سے کھلاڑی ذہنی طور پر زیادہ حاضر، پرسکون اور فوکسڈ محسوس کرتے ہیں، خاص طور پر دباؤ والے لمحات میں۔

نائکی کے چیف سائنس آفیسر میتھیو نرس نے کمپنی کی پریس ریلیز میں کہا کہ ”ہم نے سمجھ اور آگاہی، ذہنی توجہ اور جسمانی احساسات کا مطالعہ کر کے دماغ اور جسم کے تعلق کو نئی انداز میں سمجھنے کی کوشش کی ہے۔ ہمارا مقصد صرف تیز دوڑنا نہیں بلکہ کھلاڑی کو موجود لمحے میں زیادہ متوجہ، فوکسڈ اور پُر اعتماد بنانا ہے۔“

’مائنڈ 001‘ ایک آسانی سے پہنے جانے والا سلائیڈ جوتا ہے جبکہ ’مائنڈ 002‘ اسنیکر ہیں، جو زیادہ مضبوط اور شدید حسی تجربہ فراہم کرتا ہے۔ ہر جوتے میں 22 چھوٹے فوم نوڈز موجود ہیں جو اسمال پسٹن کی طرح حرکت کرتے ہیں اور پاؤں کے ہزاروں حساس اعصاب کو تحریک دیتے ہیں۔

نائکی کے انجینئرز نے ”ٹو پوائنٹ ڈسکرمنیشن“ ٹیسٹ کے ذریعے پاؤں کی حساسیت کو ماپا اور نوڈز کو پاؤں کے اگلے حصے میں زیادہ قریب رکھا، کیونکہ یہ حصہ زیادہ تفصیل سے احساس پیدا کرتا ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ حسی تحریک کھلاڑی کو زیادہ زمینی اور موجود لمحے میں رہنے میں مدد دیتی ہے اور دماغ کی ڈیفالٹ موڈ نیٹ ورک (جو ذہن کو بھٹکنے دیتا ہے) سے سینسوری موٹر نیٹ ورک (جو موجود لمحے پر توجہ مرکوز کرتا ہے) کی جانب لے جاتی ہے۔

ماہرین نائکی کے اس دعوے کے حوالے سے زیادہ محتاط ہیں۔

ڈاکٹر ایٹم سرکار، پروفیسر آف نیوروسرجری، ڈریکسل یونیورسٹی، کہتے ہیں کہ جوتے واقعی پاؤں کے احساس اور حرکت کو بدل سکتے ہیں، لیکن یہ بات ذہنی صلاحیت یا دماغی سوچ کو بہتر بنانے کے برابر نہیں۔ زیادہ حسی معلومات کا مطلب یہ نہیں کہ دماغ زیادہ فوکس ہو جائے۔ بعض لوگوں کے لیے یہ اضافی احساس دراصل دماغ پر بوجھ ڈال سکتا ہے اور انہیں مرکوز ہونے کے بجائے زیادہ منتشر کر سکتا ہے۔

اس بات کو یوں سمجھیں کہ جوتے پاؤں کے تجربے کو بدل سکتے ہیں، لیکن اس کا سیدھا تعلق دماغی توجہ یا ارتکاز بڑھانے سے نہیں ہے۔ بعض اوقات زیادہ احساس ہونے سے دماغ تھک سکتا ہے یا الجھ سکتا ہے، جس سے فوکس کم ہو جاتا ہے۔

اگرچہ نائکی دعویٰ کرتی ہے کہ اندرونی دماغی اسکینز سے دماغی لہروں میں تبدیلی دیکھی گئی ہے، لیکن نیوروسائنسدانوں کا کہنا ہے کہ اس بات کے شواہد موجود نہیں ہیں کہ صرف پاؤں کی تحریک سے صحت مند انسانوں میں ارتکاز بہتر ہو۔

پاؤں کی تحریک سے دماغ کے کچھ حصے فعال ہو سکتے ہیں، لیکن توجہ اور ارتکاز کے لیے پیچیدہ نیورل نیٹ ورکس، پر فرانٹل کورٹیکس، پیریٹل ریجنز اور نیورو ٹرانسمیٹرز جیسے ڈوپامین شامل ہوتے ہیں۔

کچھ مطالعات میں یہ دیکھا گیا ہے کہ ہلکی سینسری تحریک بعض مخصوص حالات، جیسے بزرگ افراد میں توازن کی تربیت کے دوران، تھوڑی توجہ بڑھا سکتی ہے، لیکن یہ اثرات بہت چھوٹے اور مخصوص حالات تک محدود ہیں۔

نائکی مائنڈ سیریز اب مارکیٹ میں دستیاب ہے، اور قیمت 79.99 پاؤنڈ سے شروع ہوتی ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ جوتے نہ صرف کھیل کی کارکردگی بلکہ ذہنی توجہ اور ارتکاز کو بھی بڑھانے کے لیے تیار کیے گئے ہیں، لیکن سائنسدان اس بات پر زور دیتے ہیں کہ موجودہ شواہد اس دعوے کی مکمل تصدیق نہیں کرتے۔

Read Comments