کولمبیا میں مسافر طیارہ حادثے کا شکار، تمام مسافر ہلاک
کولمبیا کے شمالی علاقے میں ایک مسافر طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام 15 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
ملک کی سرکاری ایئرلائن ’ساتینا‘ ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ بیچ کرافٹ 1900 تھا، تاہم حادثے کی وجوہات کے بارے میں فوری طور پر مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
ایئرلائن کے بیان کے مطابق طیارے کے ملبے کو ایک پہاڑی علاقے میں تلاش کر لیا گیا ہے۔
یہ پرواز بدھ کے روز مقامی وقت کے مطابق دوپہر بارہ بج کر پانچ منٹ پر اوکانا شہر میں لینڈ کرنے والی تھی، جو وینزویلا کی سرحد کے قریب واقع ہے۔
ساتینا کے مطابق طیارے سے لینڈنگ سے تقریباً گیارہ منٹ پہلے رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔
پرواز نمبر این ایس ای 8849 نے شہر کوکوتا سے اڑان بھری تھی، جو اوکانا سے تقریباً 100 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع ہے۔ طیارے میں 13 مسافر اور دو عملے کے ارکان سوار تھے۔
مسافروں کی سرکاری فہرست کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں کولمبیا کے رکن پارلیمنٹ دیوجینس کوئنٹیرو امایا اور آنے والے کانگریس انتخابات کے امیدوار کارلوس سالسیڈو بھی شامل ہیں۔
حادثے کے بعد متاثرہ پہاڑی علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا، جبکہ طیارے میں سوار افراد کے اہل خانہ کے لیے ایک ہاٹ لائن بھی قائم کی گئی ہے۔
مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبہ نورتے دے سانتاندیر کے گورنر ولیم ویلامیزار نے بتایا کہ اب تک سات لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔
کولمبیا کی مسلح افواج بھی سرچ آپریشن میں حصہ لے رہی ہیں، کیونکہ یہ علاقہ بعض مقامات پر ای ایل این نامی باغی گروہ کے زیر اثر سمجھا جاتا ہے۔
کولمبیا کے صدر گوستاوو پیٹرو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔
دیوجینس کوئنٹیرو امایا کی وفات کی تصدیق ان کے فیس بک پیج پر بھی کی گئی، جہاں انہیں ایک ایسے شخص کے طور پر یاد کیا گیا جو اپنی زندگی میں ضرورت مندوں کی خدمت کرتے رہے۔
کوئنٹیرو کولمبیا کی پارلیمنٹ کی ان 16 نشستوں میں سے ایک پر منتخب ہوئے تھے جو ملک میں مسلح تنازع کے متاثرین کی نمائندگی کے لیے مخصوص ہیں۔