پی ایس ایل کی نئی فرنچائز حیدرآباد کے لیے غیر ملکی کوچ مقرر
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11 ویں سیزن میں شامل ہونے والی نئی فرنچائز حیدرآباد نے سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر اور پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی کو اپنا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ کو پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی کو پاکستان سپر لیگ کی نئی فرنچائز حیدرآباد کا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا گیا ہے۔ گلیسپی کی تقرری کا اعلان سوشل میڈیا کے ذریعے کیا گیا، جہاں فرنچائز کی ملکیت رکھنے والے ادارے کنگز مین کرکٹ نے اس تقرری کی تصدیق کی۔
اس موقع پر جیسن گلیسپی نے کہا کہ وہ حیدرآباد کی ٹیم کا حصہ بننے پر خوش ہیں اور آنے والے چیلنجز کے لیے پُرجوش ہیں، وہ کام کے آغاز کے لیے بے حد منتظر ہیں۔
رپورٹس کے مطابق جیسن گلیسپی کی یہ تقرری پاکستان سپر لیگ کے آئندہ سیزن کے پلیئرز ڈرافٹ سے تقریباً دو ہفتے قبل عمل میں آئی ہے، جہاں حیدرآباد اور سیالکوٹ کی نئی فرنچائزز کو ابتدا سے اپنی ٹیم تشکیل دینی ہوگی۔
یہ جیسن گلیسپی کی پاکستان میں کوچنگ کے شعبے میں واپسی ہے، اس سے قبل وہ 2024 میں مختصر مدت کے لیے پاکستان کی ریڈ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ رہے تھے تاہم انہوں نے جلد ہی اپنی ذمہ داریوں سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
دوسری جانب اسلام آباد یونائیٹڈ نے سابق نیوزی لینڈ اور آسٹریلوی کرکٹر لیوک رونکی کو ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا ہے۔ لیوک رونکی اس سے قبل 2018 سے 2020 تک اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کر چکے ہیں اور 2018 میں ٹیم کی پی ایس ایل ٹائٹل جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
اعداد و شمار کے مطابق پی ایس ایل کی تاریخ میں ایک ہزار سے زائد رنز بنانے والے بیٹرز میں لیوک رونکی کا اسٹرائیک ریٹ 166.12 رہا ہے، جو سب سے زیادہ ہے۔ ریٹائرمنٹ کے بعد وہ نیوزی لینڈ کے کوچنگ سیٹ اپ سے بھی وابستہ رہے ہیں۔
لیوک رونکی نے بیان میں کہا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ ان کے لیے ہمیشہ گھر جیسی رہی ہے اور بطور ہیڈ کوچ واپسی ان کے لیے اعزاز ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ٹیم کی جیت کی روایت کو آگے بڑھانے اور نئے کھلاڑیوں کی تیاری میں کردار ادا کرنے کے خواہاں ہیں۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل کے 11ویں ایڈیشن میں ٹیموں کی تعداد بڑھا کر 8 کر دی گئی ہے، جن میں حیدرآباد اور سیالکوٹ نئی فرنچائزز کے طور پر شامل ہوں گی۔ پی ایس ایل کا 11 واں سیزن 26 مارچ سے شروع ہوگا۔