رمضان سے قبل سندھ میں آٹے کی فی کلو قیمت میں 8 روپے اضافہ
سندھ حکومت نے آٹے کی قیمت کا تعین کردیا ہے، جس کے بعد آٹے کی فی کلو ریٹیل قیمت 8 روپے اضافے سے 107 روپے کلو مقرر کردی گئی ہے جب کہ 10 کلو آٹے کا تھیلا 1070 روپے میں فروخت ہوگا۔
سندھ حکومت نے آٹے کی قیمتوں کا باضابطہ تعین کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کا اطلاق فوری طور کردیا گیا ہے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق آٹے کی فی کلو ریٹیل قیمت 8 روپے اضافے کے بعد 107 روپے مقرر کی گئی ہے جب کہ 10 کلو آٹے کا تھیلا 1070 روپے میں فروخت ہوگا۔ اسی طرح آٹے کی ایکس مل قیمت فی کلو 104 روپے اور 10 کلو آٹے کا تھیلا 1040 روپے مقرر کیا گیا ہے۔
اس سے قبل دسمبر 2025 میں آٹے کی ریٹیل قیمت 99 روپے مقرر کی گئی تھی۔
دوسری جانب پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین جنید عزیز نے حکومتی فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ریٹیل مارکیٹ میں آٹا سرکاری قیمت 107 روپے فی کلو ہی فروخت کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے دسمبر اور جنوری کے لیے 2 لاکھ 30 ہزار ٹن گندم فراہم کی ہے۔
چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن کے مطابق فلور ملز کی ماہانہ گندم کی طلب ڈھائی سے 3 لاکھ ٹن کے درمیان ہے جب کہ سرکاری فراہمی کے بعد آٹے کی دستیابی اور قیمتوں میں استحکام متوقع ہے۔