شائع 27 جنوری 2026 08:23pm

انڈر 19 ورلڈ کپ: نیوزی لینڈ کو شکست، پاکستان کا سیمی فائنل میں پہنچنے کا امکان

آئی سی سی انڈر19 کرکٹ ورلڈ کپ کے سپر سکس مرحلے کے اہم میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 8 وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

ہرارے میں کھیلے گئے انڈر19 کرکٹ ورلڈ کپ کے سپر سکس مرحلے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔

پاکستانی بولرز نے شاندار بولنگ کی بدولت کیوی بلے بازوں کو جم کر کھیلنے نہ دیا اور پوری ٹیم کو 28.3 اوورز میں 110 رنز پر پویلین واپس بھیج دیا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ہیوگو بوگ 39 رنز بناکر نمایاں رہے جب کہ میسن کلارک 17، ٹوم جانز 15 اور کلوم سیمسن نے 10 رنز کی اننگز کھیلی۔ اس کے علاوہ 3 کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہو سکے اور 2 کھلاڑی بغیر کھاتہ کھولے ہی پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان کی جانب سے عبدالسبحان نے 4، علی رضا نے 3 جب کہ محمد صیام اور مومن قمر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان نے نیوزی لینڈ کا 111 رنز کا ہدف سمیر مہناس کی 59 گیندوں پر 76 رنز کی برق رفتار ناقابل شکست اننگز کی بدولت 2 وکٹوں کے نقصان پر 17.1 اوورز میں حاصل کرلیا۔

کپتان فرحان یوسف 11 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ عثمان خان 15 اور حمزہ ظہور 8 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

یوں پاکستان انڈر 19 ٹیم نے سپر سکس مرحلے کے اہم میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف 8 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے سیمی فائنل مرحلے کی جانب قدم بڑھا دیے۔

واضح رہے کہ گرین شرٹس کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے نہ صرف آج کا میچ جیتنا تھا بلکہ  یکم فروری کو بھارت کے خلاف ہونے والے میچ میں بھی کامیابی حاصل کرنی ہے۔

Read Comments