شائع 27 جنوری 2026 10:22am

سانحہ گل پلازہ: سرچ آپریشن اور ملبہ اٹھانے کا کام مکمل بند، 49 افراد کی تلاش معمہ بن گئی

سانحہ گل پلازہ میں سرچنگ آپریشن اور ملبہ اٹھانے کا کام مکمل بند کردیا گیا، انتظامیہ نے متاثرہ عمارت کو کراچی بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے حوالے کر دیا ہے تاکہ ماہرین ڈیمولیشن سے متعلق فیصلہ کریں۔

ذرائع کے مطابق گلا پلازہ سانحے میں جاں بحق افراد کی تعداد 73 ہوگئی ہے، جبکہ 49 افراد کی تلاش اب بھی معمہ بنی ہوئی ہے۔

ذرائع کے مطابق متاثرہ عمارت کے اطراف میں حفاظتی اقدامات کے تحت پولیس اور رینجرز کے اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں۔

عمارت کو گرین شیڈ لگا کر محفوظ بنایا گیا ہے اور سیکیورٹی اہلکار تعینات کر کے علاقے میں نگرانی جاری ہے۔

لاپتہ افراد کی شناخت کے لیے 55 سے زائد افراد کے ڈی این اے سیمپلز لیے گئے ہیں۔ اب تک 24 افراد کی شناخت مکمل ہو چکی ہے، جن میں 17 افراد کی شناخت ڈی این اے کے ذریعے کی گئی ہے جبکہ 7 افراد کی شناخت فوری طور پر کی گئی تھی۔

تاہم، کچھ باقیات کا ڈی این اے سیمپل ملنا مشکل ہے، جس کے باعث ان کی شناخت میں وقت لگنے کا امکان ہے، پولیس سرجن نے بتایا۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ متاثرہ عمارت کے ملبے کو مکمل طور پر ہٹانے یا منہدم کرنے کے حوالے سے فیصلہ ایس بی سی اے کے ماہرین کریں گے۔

حکام نے عوام اور اہل خانہ سے اپیل کی ہے کہ وہ حفاظتی اقدامات کی مکمل پابندی کریں اور متاثرہ علاقے میں غیر ضروری طور پر داخل نہ ہوں۔

Read Comments