شائع 26 جنوری 2026 03:14pm

فلپائن کے میئر پر راکٹ لانچر سے حملہ، واقعے کی ویڈیو وائرل

جنوبی فلپائن کے صوبے مگوئنداناؤ ڈیل سور میں شریف اگواک کے میئر اکمد امپاتوان کو راکٹ پروپیلڈ گرینیڈ سے نشانہ بنایا گیا، تاہم بلٹ پروف گاڑی ہونے کے باعث وہ محفوظ رہے، جبکہ واقعے میں ان کے دو سکیورٹی اہلکار زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق واقعہ 25 جنوری کی صبح پیش آیا، جب میئر اکمد امپاتوان مقامی مارکیٹ سے گھر واپس جا رہے تھے۔

رپورٹ کے مطابق میونسپل ہال کے قریب ایک سفید وین نے ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا، حملہ آور وین سے اترے اور ان میں سے ایک نے آر پی جی فائر کیا۔

فائر کیا گیا راکٹ میئر کی بُلٹ پروف ٹویوٹا لینڈ کروزر سے ٹکرایا، جس کے باعث گاڑی کو نقصان پہنچا، تاہم میئر بحفاظت محفوظ مقام تک پہنچنے میں کامیاب رہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حملے کے دوران قافلے کے عقب میں موجود سیکیورٹی گاڑی پر خودکار ہتھیاروں سے فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں دو سکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں حملہ آوروں کو وین سے اترتے اور آر پی جی اٹھائے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

واقعے کے فوراً بعد فلپائن نیشنل پولیس اور فوج نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے حملہ آوروں کا تعاقب شروع کیا۔ ملزمان قریبی علاقے داتو انسائے فرار ہو گئے، جہاں سکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں تینوں مشتبہ افراد ہلاک ہو گئے۔ پولیس نے ان کے قبضے سے آر پی جی لانچر اور کئی جدید رائفلیں برآمد کرنے کا دعویٰ کیا۔

حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت مقامی سطح پر کر لی گئی ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات کے لیے خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق یہ میئر اکمد امپاتوان پر 2014 کے بعد تیسرا قاتلانہ حملہ تھا۔

Read Comments