اسٹاک ایکسچینج میں تیزی، انڈیکس ایک لاکھ 91 ہزار کی سطح عبور کرگیا
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں خریداری کا رجحان جاری ہے، جس کے باعث کے ایس ای 100 انڈیکس پہلی بار 1 لاکھ 91 ہزار پوائنٹس کی بلند ترین سطح عبور کر گیا ہے۔ یہ اضافہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے آج ہونے والے مانیٹری پالیسی کمیٹی اجلاس میں سود کی شرح میں ممکنہ تبدیلی کے باعث ہوا۔
صبح 10 بج کر 5 منٹ پر 100 انڈیکس 1 لاکھ 90 ہزار 836 اعشاریہ 78 پوائنٹس پر تھا، جو گزشتہ دن کے مقابلے میں 1 ہزار 669 اعشاریہ 96 پوائنٹس یا 0.88 فیصد کا اضافہ ظاہر کرتا ہے۔
سرمایہ کاروں کی دلچسپی خاص طور پر جن اہم شعبوں میں دیکھی گئی، ان میں آٹوموبائل اسمبلی، سیمنٹ، فرٹیلائزر، آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن کمپنیز، آئل مارکیٹن کمپنیز، پاور جنریشن اور ریفائنری شامل ہیں۔
بزنس ریکارڈر کے مطابق، پاکستان کویت انویسٹمنٹ کمپنی کا کہنا ہے کہ ’زیادہ تر ماہرین توقع کر رہے ہیں کہ 2026 کے پہلے ایم پی سی اجلاس میں پالیسی ریٹ میں 50 بیسس پوائنٹس کی کمی کی جائے گی، جس کی وجہ سے سرمایہ کاروں کا اعتماد مثبت ہے۔‘
اسٹیٹ بینک کے گورنر جمیل احمد آج مانیٹری پالیسی کمیٹی اجلاس کے بعد میڈیا کو بریف کریں گے۔
15 دسمبر 2025 کو ہونے والے گزشتہ اجلاس میں کمیٹی نے پالیسی ریٹ میں 50 بیسس پوائنٹس کی کمی کرتے ہوئے شرح سود کو 10.50 فیصد کر دیا تھا، کیونکہ اوسط مہنگائی 5 سے 7 فیصد کے ہدف کے اندر رہی۔
ماہرین کا اندازہ ہے کہ آج کے اجلاس میں مزید 50 سے 100 بیسس پوائنٹس کی کمی ممکن ہے۔
گزشتہ ہفتے بھی اسٹاک ایکسچینج نے مضبوط کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 100 انڈیکس 1 لاکھ 89 ہزار 166 اعشاریہ 83 پوائنٹس کے تاریخی کلوزنگ ہائی پر بند ہوا۔