شائع 25 جنوری 2026 06:43pm

وادی تیراہ کو خالی کرنے کا نوٹیفکیشن واپس نہ لیا تو پختون قوم کا جرگہ بلاؤں گا: سہیل آفریدی

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ وادی تیراہ کو خالی کرنے کا نوٹیفکیشن واپس نہ لیا تو میں پختون قوم کا جرگہ بلاؤں گا، اگر بات غلط ہوئی تو نقل مکانی کرنے والے متاثرین کو خود وادی تیراہ لے کے جاؤں گا، آج کے بعد وفاق کے ساتھ جو بھی کنورسیشن ہو گی تحریری اور ثبوت کے ساتھ ہو گی، یہ لوگ بند کمروں کے فیصلے مسلط کرتے ہیں اور جب ناکامی ہوتی ہے تو پیچھے ہٹ جاتے ہیں۔

اتوار کو مینگورہ میں اسٹریٹ موومنٹ ریلی کے شرکا سے خطاب کے دوران وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے وفاقی حکومت کی طرف سے وادی تیراہ کے متاثرین کے حوالے سے جاری اعلامیے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کی طرف سے جاری کردہ نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ تیراہ متاثرین اپنی مرضی سے نقل مکانی کر رہے ہیں۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ اگر یہ نوٹیفکیشن واپس نہ لیا گیا اور اس پر معافی نہ مانگی گئی تو میں آفریدی قوم کا جرگہ بلاؤں گا، اس کے بعد پختون قوم کا جرگہ بلاؤں گا، اگر بات غلط ہوئی تو نقل مکانی کرنے والے متاثرین کو خود تیراہ لے کے جاؤں گا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ آج کے بعد وفاق کے ساتھ جو بھی کنورسیشن ہو گی تحریری اور ثبوت کے ساتھ ہو گی، ہم یہ حربے کامیاب نہیں ہونے دیں گے، یہ لوگ بند کمروں کے فیصلے مسلط کرتے ہیں اور جب ناکامی ہوتی ہے تو پیچھے ہٹ جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میرا نام وزیر اعلیٰ کے لیے منتخب ہوا تو ایک شخص پشاور آیا اور کہا کہ ہمیں یہ نام منظور نہیں، اس شخص کا کوئی حق نہیں بنتا تھا کہ وہ سیاسیت میں ٹانگ اڑئے، میرے لیڈر میرے قائد نے وزیر اعلیٰ بننے کے لیے نام دیا ہے تو حکم بھی ان کا چلے گا اور راج بھی ان کا چلے گا۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ وزیراعلیٰ بننے سے روکنے کے لیے ہر حربہ استعمال کیا گیا، کہا گیا یہ اسمگلر ہے جب اس میں بھی ان کو کامیابی نہیں ملی تو اس کے بعد ایک اور بیانیہ بنایا گیا کہ یہ دہشت گرد ہے اور دہشت گردوں کے ساتھ ملا ہوا ہے۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو آزاد کر کے دم لیں گے، آج کے جمعِ غفیر سے ثابت ہوتا ہے عوام بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں، اسٹریٹ موومنٹ کا مقصد اپنی سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرنا تھا، بہت جلد پختونخوا کے لوگوں کا جرگہ بلایا جائے گا۔

سہیل آفریدی کے ہمراہ جنید اکبر سمیت دیگر اراکینِ اسمبلی موجود تھے جب کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا جلسے سے مختصر خطاب کے بعد تیمر گرہ روانہ ہو گئے۔

Read Comments