اپ ڈیٹ 25 جنوری 2026 11:14pm

ایبٹ آباد میں پھنسے سیاح ریسکیو، محفوظ مقام پر منتقل، کئی سڑکیں بحال نہ ہوسکیں

ایبٹ آباد میں پھنسے سیاحوں کو ریسکیو کرلیا گیا ہے، چھانگلہ کے قریب پھنسنے والے سیاحوں کی 2 گاڑیوں کو مقامی لوگوں اور ریسکیو نے نکال کر محفوظ مقام پر پہنچا دیا ہے جب کہ مری روڈ سمیت کئی لنک روڈ بحال نہ ہوسکیں، آج رات سے دوبارہ برفباری شروع ہونے کا امکان ہے۔

ملک بھر کے متعدد بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ تو تھم گیا لیکن سردی کی شدت تاحال برقرار ہے، بارش اور برفباری کے بعد مری روڈ سمیت تمام لنک روڈ ٹریفک کے لیے بند ہیں، جس وجہ سے ضلعی انتظامیہ نے گلیات میں سیاحوں کا داخلہ بند کردیا۔

ایبٹ آباد کے سیاحتی مقام چھانگلہ گلی قریب 2 سیاحوں کی گاڑیاں پھنس گئیں تھیں، جس میں خواتین اور بچوں سمیت 8 افراد موجود تھے تاہم مقامی لوگوں اور ریسکو اہلکاروں نے ان افراد کو نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کردیا۔

بارش اور برف باری کے بعد تاحال مری روڈ سمیت کئی لنک روڈ ٹریفک کے لیے بحال نہ ہو سکے جب کہ مری میں گزشتہ روز سے برف باری کا سلسلہ رکا ہوا ہے، آج رات سے دوبارہ برف باری کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔

آزاد کشمیر کے شہری، دیہی اور بالائی علاقوں میں شہری 3 مختلف موسموں سے لطف اٹھارہے ہیں، وادی نیلم، تاؤبٹ، ہلمت، نکرو، انڑنگ کیل، شونٹھر سمیت دیگر علاقوں میں میں بارش اور برفباری ہوئی، زیریں علاقوں میں موسم ابر آلود ہے جب کہ مظفرآباد سمیت دیگر علاقوں میں دھوپ نکل آئی۔

وادی لیپہ کا زمینی رابطہ دارالحکومت ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرہٹیاں بالا سے آج تیسرے روز بھی منقطع ہے، گلگت بلتستان میں برف باری کے بعد سیاحتی مقامات پر سیاحوں نے ڈیر ڈال رکھے ہیں جہاں سیاح قدرتی مناظر اور سرد موسم سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔

غذر کے بالائی علاقوں میں شدید برفباری سے نظام زندگی درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے، غذر چترال بین الصوبائی شاہراہِ بھی ٹریفک کے لیے بند ہے۔ وادی نلتر نے سفید چادر اوڑھ لی، وادی سوات کے بالائی علاقوں مالم جبہ، کالام اور مہوڈنڈ میں برفباری کے باعث سڑکیں اور بجلی کی فراہمی بدستور معطل ہے۔

اس کے علاوہ سوات کے بالائی علاقوں مالم جبہ، کالام اور مہوڈنڈ میں شدید برفباری کے باعث مقامی آبادی محصور ہو کر رہ گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان سمیت بالائی علاقوں میں آج رات سے 27 جنوری تک مزید بارش اور برفباری کا امکان ہے۔

پاک فوج نے بروقت کامیاب ہیلی ریسکیو آپریشن

آزاد جموں وکشمیر کے علاقے وادی لیپہ میں شدید برفباری کے باعث زمینی رابطہ منقطع ہونے پر پاک فوج نے بروقت کامیاب ہیلی ریسکیو آپریشن کیا۔

طبی پیچیدگی کا شکار مریضہ کو فوری اور محفوظ انداز میں ہیلی ایمرجنسی سہولت سے راولپنڈی ملٹری اسپتال منتقل کیا گیا، پاک فوج کا یہ آپریشن ہیلی پیڈ کی تیاری سے لے کر راستوں کی بحالی اور بروقت فضائی منتقلی تک ہر مرحلہ اعلیٰ نظم و ضبط کا عکاس ہے۔

آرمی ہیلی آپریشن اس بات کا غماز ہے کہ پاک فوج ہر طرح کے حالات میں انسانی جانوں کو ترجیحی بنیادوں پر سرانجام دیتی ہے، مقامی آبادی کی جانب سے اس اقدام کو سراہا جانا اس اعتماد کا اظہار ہے جو پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیت، بروقت فیصلہ سازی اور عوامی خدمت کے جذبے پر قائم ہے۔

کوٹلی تا نکیال سڑک ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بحال

دوسری طرف ادھر برف باری کے باعث پھنسے شہریوں کے انخلا کے لیے پاک فوج نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے کوٹلی تا نکیال سڑک ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بحال کر دی ہے۔

پاک فوج کی جانب سے جندروٹ اور پیرنسورہ میں برف باری کے دوران ریسیکو اینڈ ریلیف آپریشن جاری ہے، پاک فوج کی جانب سے متاثرین کو خوراک اور دیگر امدادی اشیاء بھی فراہم کی گئی۔

پاک فوج نے پیرنسورہ میں متعدد خاندانوں کو ریسکیو کرکے امداد بھی فراہم کی اور برف باری میں پھنسی متعدد گاڑیوں کو پیٹرول بھی فراہم کیا۔

پاک فوج کی بروقت اور پیشہ ورانہ حکمت عملی کے باعث علاقے میں اہم زمینی رابطے بحال ہوئے ہیں، پاک فوج سخت موسمی حالت کے باوجود عوام کی خدمت اور معمولاتِ زندگی کی بحالی کے لیے پرعزم ہے۔

وادی تیراہ میں شدید برف باری، پاک فوج کا ریسکیو آپریشن

شدید اور مسلسل برف باری کے باعث تیراہ میں معمولاتِ زندگی متاثر ہیں، پاک فوج کی جانب سے مقامی آبادی کی مدد اور روزمرہ زندگی کی بحالی کے لیے ریلیف آپریشن بلا تعطل جاری ہے۔

مسلسل اور شدید برف باری کے نتیجے میں علاقے میں مواصلاتی اور زمینی رابطوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا، جس کے پیش نظر پاک فوج اور فرنٹیئر کور نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کیں۔

ریلیف آپریشن کے دوران برف میں پھنسی متعدد گاڑیوں کو بحفاظت محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا جبکہ خراب موسم اور دشوار گزار راستوں کے باوجود امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں تک پہنچتی رہیں۔

پاک فوج کی جانب سے متاثرہ خاندانوں میں کھانا، کمبل، ہنگامی طبی امداد اور دیگر ضروری اشیائے خورونوش تقسیم کی جا رہی ہیں۔

پاک فوج کی بروقت اور پیشہ ورانہ حکمت عملی کے باعث علاقے میں اہم زمینی راستے بحال کر دیے گئے ہیں، جس سے امدادی سرگرمیوں میں مزید تیزی آئی ہے۔ سخت موسمی حالات کے باوجود سیکیورٹی فورسز کی انتھک کوششوں پر مقامی شہریوں نے ان کی خدمات کو سراہا ہے۔

پاک فوج نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ مقامی آبادی کی فلاح و بہبود، امن کے قیام اور معمولاتِ زندگی کی مکمل بحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔

Read Comments