سانحہ گل پلازہ: 71 اموات کی تصدیق، 77 افراد اب بھی لاپتا، 22 کی شناخت
گل پلازہ کے ساتویں روز بھی سرچ آپریشن جاری ہے، سانحے میں 71 اموات کی تصدیق ہوگئی جب کہ 77 افراد اب بھی لاپتا ہیں، 22 افراد کی ڈی این اے کے ذریعے شناخت ہوچکی ہے۔ دوسری طرف ڈائریکٹر ریسکیو 1122 نے گل پلازہ کے گراؤنڈ فلور پر بھی لاشوں کے موجود ہونے کا خدشہ ظاہر کردیا ہے ۔ اس کے علاوہ گل پلازہ کے ملبے سے گولڈ، تجوریاں اور پیسے ملنے کا سلسلہ بھی 7 روز سے جاری ہے۔
کراچی کی اہم شاہراہ ایم اے جناح روڈ پر واقعہ گل پلازہ کی آتشزدگی کو جمعے کو ایک ہفتہ ہونے کو ہے تاہم جاری ریسکیو آپریشن میں ملبے سے انسانی باقیات ملنے کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ سینئر فائر افسر ظفر خان کہتے ہیں کہ اب لاشیں نہیں صرف ہڈیاں مل رہی ہیں۔
پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ سعید کے مطابق سانحہ گل پلازہ میں اب تک 71 لاشیں اور باقیات اسپتال پہنچائی گئی ہیں، جن میں سے 22 افراد کی ڈی این اے کے ذریعے شناخت ہوچکی ہے جب کہ 48 افراد کی ڈی این اے رپورٹس آنا باقی ہے۔
وزیراعلیٰ کے مطابق واقعے کے بعد 82 افراد لاپتہ ہیں جب کہ ڈی سی ساؤتھ کے شکایتی سیل نے لاپتہ افراد کی تعداد 88 بتائی ہے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ سرچ آپریشن اس وقت تک جاری رکھا جائے گا جب تک ایک ایک لاپتہ شخص کی باقیات نہ مل جائیں۔ حکام کے مطابق عمارت کو منہدم کرنے کا فیصلہ سرچ آپریشن مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا۔
گل پلازہ کے ملبے سے تجوریاں اور پیسے برآمد
دوسری جانب گل پلازہ آتشزدگی کے بعد جاری سرچ آپریشن کے دوران ملبے سے لاشوں اور انسانی باقیات ساتھ تجوریاں اور پیسے ملنے کا سلسلہ بھی 7 روز سے جاری ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ گل پلازہ کے ملبے سے اب تک 3 تجوریاں برآمد ہو چکی ہیں، جن میں مجموعی طور پر 14 کروڑ روپے کی رقم موجود تھی اور یہ تمام رقم ڈپٹی کمشنر ساؤتھ کے پاس موجود ہے۔
اس کے علاوہ ملبے سے صحیح سلامت اورجلی ہوئی ملکی اور غیر ملکی کرنسی بھی بڑی تعداد میں ملی ہے، ان کرنسی نوٹس کی مجموعی مالیت ایک کروڑ کے قریب بتائی جارہی ہے۔
گل پلازہ ایکشن کمیٹی نے انتظامیہ کو بتایا تھا کہ پلازہ میں موجود دو سنار کی دکانوں تک تاحال رسائی حاصل نہیں ہو سکی۔ کمیٹی کا کہنا ہے کہ امکان ہے کہ سونا پگھل کر ملبے کے ساتھ کے ایم سی گراؤنڈ میوہ شاہ تک منتقل ہو گیا ہو۔
انتظامیہ نے ممکنہ سونے کی موجودگی کے پیشِ نظر کے ایم سی گراؤنڈ میوہ شاہ میں موجود ملبے کی حفاظت کے لیے 50 سے زائد پولیس اہلکار تعینات کر دیے ہیں۔ حکام کے مطابق سونا سالم حالت میں ملے یا پگھلا ہوا، دونوں صورتوں میں اسے سرکاری تحویل میں لیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق گل پلازہ کی پوری عمارت مسمار کیے جانے کے بعد ملبے کی مکمل جانچ پڑتال کی جائے گی تاکہ تمام قیمتی اشیا کو تلاش کر کے محفوظ کیا جا سکے۔
کے ایم سی کی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم کو ملبے سے 3 ڈیجیٹل ویڈیو ریکارڈرز بھی مل گئے ہیں، ڈی وی آر اور چارجر گل پلازہ کی مسجد کے اطراف میں واقع کمرے سے ملے۔ برآمد کیے گئے ڈی وی آر ڈی سی جنوبی کے سپرد کردیے گئے۔
ذرائع کے مطابق ڈی وی آرز کی مدد سے سانحے کی وجوہات جاننے میں مدد ملے گی۔
گل پلازہ کے ملبے سے ڈیڑھ کلو گرام سونا برآمد
ادھر گل پلازہ کے ملبے سے بھاری مقدار میں سونا برآمد ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جو ملبہ اٹھانے کے دوران ملا ہے۔
ڈپٹی کمشنر ساؤتھ کے مطابق گل پلازہ کے ملبے سے ڈیڑھ کلوگرام سونا برآمد ہوا ہے، جو ریسکیو اور صفائی کے عمل کے دوران ملا۔ حکام کا کہنا ہے کہ برآمد سونے کی مالیت 6 کروڑ روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے۔
ڈی سی ساؤتھ کے مطابق سونا مکمل قانونی طریقہ کار کے تحت دکان کے مالک کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ملبے کی جانچ پڑتال کا عمل جاری ہے اور کسی بھی قیمتی شے کی برآمدگی کی صورت میں متعلقہ ریکارڈ کے مطابق کارروائی کی جا رہی ہے۔