ٹی 20 ورلڈ کپ میں بنگلا دیش کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو شامل کرلیا گیا: بھارتی میڈیا کا دعویٰ
بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ آئی سی سی نے بنگلادیش کو ٹی 20 ورلڈکپ سے باہر کردیا ہے اور بنگلادیش کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو ورلڈ کپ میں شامل کرلیا ہے۔
بھارتی میڈیا نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے بنگلادیش کے میچز منتقل کرنے کے ساتھ معاملہ ڈسپوٹ ریزولوشن کمیٹی میں بجھوانے کی درخواست مسترد کردی ہے۔
بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ آئی سی سی نے بنگلادیش کو ٹی 20 ورلڈ کپ سے باہر کردیا اور بنگلہ دیش کی جگہ اسکاٹ لینڈ کی ٹیم کو ورلڈ کپ میں کو شامل کرلیا ہے اور آئی سی سی اس حوالے سے جلد باقاعدہ اعلان کرے گا۔
بنگلادیشی بورڈ نے آئی سی سی کو ایک اور خط لکھا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ آئی سی سی معاملے پر دہرے معیار کا مظاہرہ کررہا ہے، عالمی تنظیم کو اپنے ممبر بورڈ کے بارے میں سوچنا چاہیے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ورلڈ کپ میں شرکت نہ کرنے پر بنگلادیش کو 350 کروڑ ٹکا کا نقصان ہوگا۔
واضح رہے کہ آئی سی سی نے بنگلادیش کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں ایک دن کی مہلت دی تھی، اس کے بعد بھی بنگلادیش نے بھارت میں ورلڈ کپ کھیلنے سے انکار کردیا تھا۔ آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں بنگلادیش کی درخواست ووٹنگ پرمسترد ہوئی تھی۔
یاد رہے کہ بھارت نے حکومت کے دباؤ میں آکر بنگلادیش کے فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو آئی پی ایل سے نکالا تھا، کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے مستفیض کو 9 کروڑ سے زائد کی رقم میں خریدا تھا۔
مستفیض الرحمان کو آئی پی ایل سے نکالنے کے بعد بنگلادیش نے سیکیورٹی کو جواز بنا کر بھارت میں ورلڈ کپ کھیلنے سے انکار کیا تھا۔