شائع 23 جنوری 2026 12:01pm

بھارت: قتل کے ملزم اور ملزمہ محبت میں گرفتار، جیل میں شادی کرنے کا فیصلہ

بھارتی ریاست راجستھان کے ضلع الور میں ایک ایسی محبت کی کہانی شادی پرانجام ہونے جا رہی ہے جو کسی فلمی اسکرپٹ سے کم نہیں۔ قتل کے 2 مجرم، جو جیل میں ایک دوسرے سے ملے اور محبت میں گرفتار ہوئے، آج شادی کرنے جا رہے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پریا سیٹھ المعروف نیہا سیٹھ اور ہنومان پرساد کی ملاقات چھ ماہ قبل اسی جیل میں ہوئی، جہاں دونوں اپنی اپنی سزائیں کاٹ رہے تھے۔ وقت کے ساتھ یہ ملاقات محبت میں بدل گئی اور اب دونوں شادی کا فیصلہ کر چکے ہیں۔

راجستھان ہائی کورٹ نے ان کے لیے شادی کے لیے 15 دن کی ایمرجنسی پرول جاری کی ہے اور شادی آج بارودامیو، الور میں انجام پائے گی۔

پریا سیٹھ ایک ماڈل رہ چکی ہیں اور انہیں 2018 میں ایک نوجوان دشینت شرما کے قتل کے جرم میں عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

پریا نے ٹنڈر ایپ کے ذریعے دشینت سے دوستی کی، پھر اسے جے پور کے بجاج نگر کے فلیٹ میں بلایا۔ اس کا منصوبہ یہ تھا کہ اسے اغوا کر کے تاوان وصول کیا جائے تاکہ اس کے عاشق ڈکشانت کامرا کا قرض ادا کیا جا سکے۔

پریا نے مقتول کے والد سے 10 لاکھ روپے تاوان مانگا، جن میں سے 3 لاکھ روپے وصول کیے گئے۔ بعد میں، یہ سوچ کر کہ رہائی کی صورت میں پولیس تک پہنچ ہو سکتی ہے، پریا، کامرا اور لاکشیا والیا نے دشینت کو قتل کر دیا۔ لاش کو شناخت سے بچانے کے لیے چہرے پر چاقو کے وار کیے گئے اور سوٹ کیس میں بند کر کے آمیر ہلز میں پھینک دیا گیا۔ بعد ازاں سیٹھ، کامرا اور والیا کو گرفتار کر لیا گیا۔

ہنومان پرساد ایک اور سنگین قتل کیس میں عمر قید کاٹ رہا ہے۔ اس نے اپنی گرل فرینڈ سنتوش کے کہنے پر اس کے شوہر اور بچوں کو قتل کیا۔ سنتوش، جو پرساد سے دس سال بڑی تھی، الور میں ٹی کوانڈو کی کھلاڑی تھی۔

2 اکتوبر 2017 کی شب سنتوش نے پرساد کو اپنے گھر بلایا، جہاں اس نے جانور ذبح کرنے والے چاقو سے شوہر بانوری لال کو قتل کروایا۔

سنتوش کے تین بچے اور ایک بھانجا، جو ان کے ساتھ رہتے تھے، جاگ گئے اور قتل کا مشاہدہ کیا۔ گرفتاری کے خوف سے سنتوش نے حکم دیا کہ بچوں اور بھانجے کو بھی قتل کیا جائے، اور پرساد نے یہ قتل بھی انجام دیا۔

اس رات چار بچے اور ایک مرد قتل ہوئے، جو الور کے سب سے بدنام قتل کیسز میں شمار ہوتے ہیں اور علاقے میں ہڑبونگ پیدا کر گئے۔

اب یہ جیل رومانس شادی کی صورت اختیار کر گیا ہے اور یہ کہانی بالکل کسی فلم کی کہانی جیسی لگتی ہے، جہاں جرم اور محبت کا عجیب امتزاج سامنے آیا ہے۔

Read Comments