اپ ڈیٹ 22 جنوری 2026 04:54pm

ڈیووس: پاکستان نے غزہ ’بورڈ آف پیس‘ کے مسودے پر دستخط کر دیے

پاکستان کے وزیراعظم شہبازشریف نے غزہ میں قیام امن کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قائم کردہ ’بورڈ آف پیس‘ کے مسودے پر دستخط کردیے ہیں۔

سوئٹرزلینڈ کے شہر ڈیووس میں جاری عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس کے موقع پر ’بورڈ آف پیس‘ کے مسودے پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی۔ جس میں مختلف ممالک کے رہنماؤں نے شرکت کی۔

اس موقع پر وزیراعظم شہبازشریف نے بورڈ آف پیس کے چارٹر پر دستخط کیے جب کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دستخط کرنے پر وزیراعظم شہبازشریف سے اظہار تشکر کیا۔

شہباز شریف دستخط کے لیے آئے تو اس دوران صدر ٹرمپ سے خصوصی گفتگو ہوئی اور دونوں رہنما کچھ دیرتک محو گفتگو بھی رہے اور کہا کہ امن کے لیے لئےآج دن ہے، غزہ کو بہترین سیاحتی مقام بنائیں گے۔

صدر ٹرمپ نے چارٹر پر دستخط کرنے والے رہنماؤں سے فرداً فرداً مصافحہ کیا اور دستخط کرنے والے رہنماؤں سے بھی گفتگو کی۔

اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بورڈ آف پیس کے مسودے پر دستخط کیے۔ پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ، بحرین، مراکش، ارجنٹینا، آرمینیا کے رہنماؤں نے بھی مسودے پر دستخط کیے۔

متحدہ عرب امارات، قطر، ازبکستان، پیراگوئے، آذربائیجان، بلغاریہ، ہنگری، انڈونیشیا، اردن، قازقستان ، کوسوو اور منگولیا بھی مسودے پر دستخط کرنے والے ممالک میں شامل ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غزہ پیس بورڈ میں شامل ہونے والے ممالک کا شکر گزار ہوں۔ بہت سے ممالک غزہ امن بورڈ میں شامل ہوناچاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ غزہ کے لیے بہت کچھ کرسکتے ہیں، اس کی تعمیرِ نو کی جائے گی اور حماس غیرمسلح نہ ہوئی تواس کا خاتمہ کردیا جائے گا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا نے کئی جنگیں رکوا کر دنیا کو محفوظ بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ امریکا ترقی کرے گا تو دنیا کی ترقی کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ آج دنیا پہلے سے زیادہ پُرامن اور محفوظ ہے۔ ہم نے ناممکن اور بڑے بڑے کام کیے ہیں۔ امریکا نے جنگیں رکوا کر دنیا کو محفوظ بنا دیا ہے۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ ہم نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ رکوائی۔ اسرائیل اور ایران، سربیا اور کوسوو، تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان تنازع ختم کروایا۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے امن معاہدے کے ذریعے غزہ مںیں جنگ بندی کروائی جس کے بعد غزہ میں امدادی کاموں کا آغاز ہوا۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ جو ممالک غزہ پیس بورڈ میں شامل ہوئے ان کا شکر گزار ہوں۔ اب بہت سے ممالک غزہ امن بورڈ میں شامل ہوناچاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ غزہ کے لیے بہت کچھ کرسکتے ہیں، اس کی تعمیرِ نو کی جائے گی اور حماس غیرمسلح نہ ہوئی تواس کا خاتمہ کردیا جائے گا۔

Read Comments