شائع 22 جنوری 2026 02:56pm

لاہور: دکانداروں کا 20 کلو سونا لے کر فرار ہونے والا مرکزی ملزم گرفتار

لاہور کے علاقے اچھرہ سے دکانداروں کا 20 کلو سونا لے کر فرار ہونے والے مرکزی ملزم شیخ وسیم اختر کو پولیس نے اسلام آباد سے گرفتار کر لیا ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم متعدد جیولرز سے سونا لے کر فرار ہو گیا تھا اور اس کے خلاف تھانہ اچھرہ میں دس مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس کیس میں تقریباً 20 کلو سونا چوری ہونے کے دعوے سامنے آئے، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ حتمی مقدار اور مالیت کا تعین تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی ہو سکے گا۔

یہ معاملہ دسمبر میں اس وقت سامنے آیا جب لاہور کی معروف جیولری مارکیٹ لطیف سینٹر میں شیخ وسیم نامی سونے کا ایک تاجر مبینہ طور پر دیگر دکانداروں کا سونا لے کر غائب ہو گیا۔

اس واقعے پر فیروز پور روڈ پر واقع اس مارکیٹ کے کئی دکانداروں نے پولیس سے رجوع کیا، جس کے بعد مقدمہ درج کیا گیا۔

اسی دوران سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بھی وائرل ہوئی جس میں ایک شخص کو ہاتھ میں شاپر اٹھائے جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

ویڈیو کے بارے میں دعویٰ کیا گیا کہ یہی وہ تاجر ہے جو مبینہ طور پر 20 کلو سونا، جس کی مالیت تقریباً ایک ارب روپے بتائی جا رہی ہے، لے کر غائب ہوا۔

لطیف سینٹر لاہور میں سونے کی خرید و فروخت کا ایک بڑا مرکز سمجھا جاتا ہے، جہاں درجنوں جیولری کی دکانیں قائم ہیں۔

متاثرہ تاجروں کا کہنا تھا کہ وہ کئی دہائیوں سے ملزم کو جانتے تھے اور ان کے درمیان باہمی اعتماد کی بنیاد پر لین دین ہوتا رہا۔

ان کے مطابق جیولرز آپس میں گاہکوں کو دکھانے کے لیے ایک دوسرے کی دکانوں سے سونا لیتے دیتے رہتے ہیں اور یہ سب کچھ عموماً تحریری معاہدے کے بغیر اعتماد پر چلتا ہے۔

تھانہ اچھرہ کی پولیس نے ابتدائی طور پر احمد صدیقی نامی تاجر کی مدعیت میں ملزم وسیم اختر کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعہ 406 کے تحت مقدمہ درج کیا، جو دھوکہ دہی اور فراڈ سے متعلق ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق احمد صدیقی نے چار دسمبر کو مدینہ جیولرز کے مالک وسیم اختر کے پاس 588 گرام سونے کی آٹھ چوڑیاں امانت کے طور پر رکھوائیں، جن کی مالیت تقریباً دو کروڑ 25 لاکھ روپے بنتی ہے۔

مدعی کے مطابق، اسی روز جب انہوں نے سونا واپس مانگا تو ملزم نے بھابھی کے انتقال کا بہانہ بنا کر کراچی جانے کی بات کی اور نو دسمبر کو واپسی پر چوڑیاں لوٹانے کا وعدہ کیا، مگر اس کے بعد اس کا موبائل فون بند ہوگیا۔

احمد صدیقی نے بتایا کہ صرف وہی نہیں بلکہ پوری مارکیٹ کے ساتھ وسیم اختر کے کاروباری معاملات چلتے رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بعد میں معلوم ہوا کہ بہت سے دیگر دکانداروں کا سونا بھی ملزم کے پاس موجود تھا۔

انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ وسیم اختر نے اپنا لاہور والا گھر فروخت کر دیا تھا اور جب دکان کا تالہ توڑ کر اندر چیک کیا گیا تو تمام تجوریاں خالی تھیں۔

وسیم اختر کو مارکیٹ میں گزشتہ 30 برس سے ایک ایماندار تاجر کے طور پر جانا جاتا تھا اور گولڈ مارکیٹ میں ان کی ساکھ مضبوط تھی۔

واضح رہے کہ گولڈ مارکیٹ میں لین دین زیادہ تر زبانی اعتماد پر ہوتا ہے اور اکثر تاجروں کے پاس اس بات کے تحریری شواہد نہیں ہوتے کہ انہوں نے کتنا سونا کس کے پاس رکھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کا مارکیٹ میں اثر و رسوخ تھا اور وہ جیولرز ایسوسی ایشن کا سابق صدر بھی رہ چکا ہے۔

Read Comments