کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش شروع، موسم مزید سرد ہو گیا
کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا، سرجانی ٹاؤن، صدر، بلدیہ ٹاؤن اور دیگر علاقوں میں ہلکی سے درمیانی شدت کی بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
بارش کے باعث موسم سرد ہو گیا ہے اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے سردی کی شدت میں اضافہ محسوس کیا جا رہا ہے۔ شہریوں نے بارش کے بعد موسم خوشگوار ہونے کا اظہار کیا، تاہم بعض علاقوں میں معمولاتِ زندگی جزوی طور پر متاثر بھی ہوئے ہیں۔
نارتھ کراچی، ناگن چورنگی، بفرزون ،سرجانی ٹاؤن، ملیر، مشرف کالونی اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی ہے۔
صدر اور اطراف میں ہلکی بارش جبکہ پی ای سی ایچ ایس اور اطراف میں بوندا باندی ہوئی ہے۔ احسن آباد، گلستان جوہر، ڈالمیا اور اسکیم 33 میں بھی بارش ہوئی ہے۔
بارش کے بعد سڑکوں پر پھسلن اور ٹریفک کی روانی میں کمی دیکھی گئی، جس پر شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا یہ سلسلہ سرد موسم کے اثرات کے باعث سامنے آیا ہے، جبکہ آئندہ چند گھنٹوں کے دوران شہر کے مزید علاقوں میں بھی ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شمالی بلوچستان کے پہاڑی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جس کے اثرات سندھ اور کراچی تک محسوس کیے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ جمعہ سے کراچی سردی کی لہر کی لپیٹ میں آ جائے گا اور درجہ حرارت دوبارہ سنگل ڈیجٹ میں جانے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو سرد موسم کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔