اپ ڈیٹ 21 جنوری 2026 09:22am

ذاکر خان کا لائیو شوز نہ کرنے کا اعلان، وجہ کیا ہے؟

معروف بھارتی اسٹینڈ اپ کامیڈین ذاکر خان نے اپنی صحت اور ذاتی وجوہات کی بنا پر لائیو کامیڈی شوز سے طویل وقفہ لینے کا اعلان کر دیا ہے۔

ان کے مطابق وہ گزشتہ کئی برسوں سے مسلسل ٹور کر رہے ہیں، تاہم اب صحت پر توجہ دینا ضروری بن گیا ہے۔ یہ وقفہ سال 2030 تک جاری رہ سکتا ہے۔

38 سالہ ذاکر خان نے اس فیصلے کا اعلان بھارتی شہر حیدرآباد میں جاری اپنے ’پاپا یار ٹور‘ کے دوران ایک لائیو شو میں کیا، جس کے فوراً بعد یہ خبر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی۔

منگل کے روز حیدرآباد میں ہونے والے شو کی ویڈیو بھی سامنے آئی، جس میں وہ اس حوالے سے کھل کر گفتگو کرتے دکھائی دیے۔

کھچا کھچ بھرے آڈیٹوریم میں خطاب کرتے ہوئے ذاکر خان نے بتایا کہ یہ وقفہ کئی برس کا ہو سکتا ہے، ممکن ہے 2028، 2029 یا پھر 2030 تک، جب وہ اپنی موجودہ پیشہ ورانہ ذمہ داریاں مکمل کر لیں گے۔

انہوں نے اپنے مداحوں سے جذباتی انداز میں گفتگو کرتے ہوئے کہا،
”آج یہاں موجود ہر شخص میرے دل کے بہت قریب ہے۔ آپ سب کی موجودگی میرے لیے بے حد قیمتی ہے، جس کا اندازہ آپ شاید نہ کر سکیں۔ میں ہمیشہ آپ سب کا شکر گزار رہوں گا۔“

ذاکر خان نے منگل کی دوپہر انسٹاگرام پر بھی ایک اسٹوری شیئر کی جس میں اس وقفے کی جانب اشارہ دیا گیا، جبکہ دبئی پہنچنے کے بعد ایک اور پیغام میں انہوں نے واضح کیا کہ یہ فیصلہ حتمی ہے۔

واضح رہے کہ ذاکر خان نے گزشتہ سال نیویارک کے مشہور میڈیسن اسکوائر گارڈن میں پہلے بھارتی کامیڈین کی حیثیت سے ہندی زبان میں پرفارم کیا تھا۔ تقریباً 6 ہزار افراد پر مشتمل اس شو کو انہوں نے اپنے کیریئر کا یادگار لمحہ قرار دیا تھا۔

اپنے منفرد انداز اور روزمرہ زندگی سے جڑی مزاحیہ کہانیوں کے باعث ذاکر خان بھارت سمیت دنیا بھر میں بے حد مقبول ہیں۔ انہوں نے 2012 میں ’کامیڈی سینٹرل انڈیاز بیسٹ اسٹینڈ اپ کامیڈین‘ کا ٹائٹل جیت کر شہرت حاصل کی۔

مداح اب ان کی جلد صحت یابی اور کامیڈی اسٹیج پر واپسی کے منتظر ہیں، کیونکہ ذاکر خان کے بقول، ”ہر شو واقعی ایک جشن ہوتا ہے۔“

Read Comments