’کیا بابراعظم کا بلا رنز اگلنا بھول گیا‘: بگ بیش لیگ کے بڑے مقابلے میں بھی ناکام
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابراعظم بگ بیش لیگ کے بڑے مقابلے میں بھی ناکام ہوگئے ہیں، سڈنی سکسرز کی نمائندگی کرتے ہوئے پرتھ اسکارچرز کے خلاف کوالیفائر میں اسپنر کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے اسٹمپ آؤٹ ہوکر بغیر کوئی رن بنائے چلتے بنے۔
آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ میں سڈنی سکسرز کی نمائندگی کرنے والے پاکستانی بلے باز بابراعظم کی مشکلات برقرار رہیں اور وہ ایک بار پھر اہم مقابلے میں خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔
منگل کو پرتھ میں کھیلے گئے کوالیفائر میچ میں پرتھ اسکارچرز کے 148 رنز کے تعاقب میں بیٹنگ کے لیے آئے بابراعظم صرف 2 گیندوں کا سامنا کر سکے اور بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔
بابراعظم کو اسپنر کوپر کونولی نے اپنی شاندار گیند پر آؤٹ کیا، گیند آف اسٹمپ سے باہر فل لینتھ تھی، بابراعظم نے آگے بڑھ کر ڈرائیو کرنے کی کوشش کی مگر گیند ٹرن ہوگئی۔ وکٹوں کے پیچھے جوش انگلس نے تیزی سے بیلز گرا دیں جب کہ بابراعظم کا پاؤں معمولی فرق سے ہوا میں تھا، جس پر انہیں اسٹمپ آؤٹ قرار دیا گیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی بابراعظم گزشتہ میچ میں صرف ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے تھے۔ چند روز قبل بابراعظم اور ان کے اوپننگ پارٹنر اسٹیو اسمتھ کے درمیان اسٹرائیک روٹیشن کے معاملے پر میدان میں مختصر بے چینی بھی دیکھی گئی تھی، جب پاور سرج کے دوران ایک رن لینے پر غلط فہمی سامنے آئی۔
کوالیفائر میں بابراعظم کی جلد وکٹ گرنے سے سڈنی سکسرز کو میچ کے آغاز میں نقصان اٹھانا پڑا، اس بڑے مقابلے میں بھی شائقین کو بابراعظم سے بہتر کارکردگی کی توقع تھی تاہم وہ اس موقع پر ٹیم کے لیے رنز نہ بنا سکے۔