مہنگے ماؤتھ واش بے اثر؟ 3 سستی چیزوں سے سانس کی بو دور
اکثر لوگوں کو یہ شکایت ہوتی ہے کہ وہ روزانہ دو مرتبہ دانت صاف کرتے ہیں، ماؤتھ واش بھی استعمال کرتے ہیں، اس کے باوجود منہ سے ناگواربو آتی رہتی ہے۔ اس کی بنیادی وجہ صرف دانت نہیں بلکہ پورا منہ ہوتا ہے، جس میں زبان، مسوڑھے اور دانتوں کے درمیان خالی جگہیں شامل ہیں۔
بات کرتے وقت اگر منہ سے بو آئے تو نہ صرف خود اعتمادی متاثر ہوتی ہے بلکہ سامنے والے پر بھی اچھا تاثر نہیں پڑتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ منہ کی بدبو آج کل ایک عام مگر سنجیدہ مسئلہ بنتا جا رہا ہے۔
ہندوستان ڈاٹ کام کے مطابق آیورویدک ماہر جتیندر سنگھ نے اس مسئلے کا ایک سادہ مگر مؤثر گھریلو حل بتایا ہے، جو انہوں نے سوشل میڈیا پر شیئر کیا۔ ان کے مطابق یہ نسخہ منہ کی بدبو کو جڑ سے ختم کرنے میں مدد دیتا ہے ۔
ماہرین صحت کے مطابق منہ کی بدبو کی وجہ صرف دانت نہیں ہوتے بلکہ اس کے پیچھے کئی عوامل کارفرما ہوتے ہیں۔ زبان پر جمی میل، دانتوں کے درمیان پھنسی خوراک، مسوڑھوں کی سوجن، منہ کا خشک رہنا اور بعض اوقات معدے کے مسائل بھی بدبو کا سبب بن سکتے ہیں۔ صرف برش کرنے سے یہ تمام بیکٹیریا ختم نہیں ہو پاتے، جس کی وجہ سے مسئلہ برقرار رہتا ہے۔
منہ کی بدبو ایک عام مسئلہ ضرور ہے، مگر درست صفائی، بہتر عادات اور یہ آسان گھریلو نسخہ اپنا کر اس سے بڑی حد تک نجات حاصل کی جا سکتی ہے۔
اس نسخے کے لیے درج ذیل اجزا استعمال کریں:
تقریباً دو کپ نیم گرم پانی
ایک چمچ بیکنگ سوڈا
آدھا لیموں کا رس
ایک چمچ نمک
ان تمام اجزا کو پانی میں اچھی طرح مکس کریں اور اس محلول سے تقریباً 30 سیکنڈ تک کلی کریں۔ دن میں دو مرتبہ اس کا استعمال کرنے سے منہ کی بدبو نمایاں طور پر کم ہو جاتی ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ گھریلو محلول منہ کے اندرونی حصوں کو قدرتی طور پر صاف کرنے میں مؤثر ثابت ہوتا ہے، کیونکہ اس میں شامل نمک جراثیم کش خصوصیات رکھتا ہے اور سوزش کم کرنے میں مدد دیتا ہے، بیکنگ سوڈا منہ کی تیزابیت کو متوازن کر کے بیکٹیریا کا خاتمہ کرتا ہے، جبکہ لیموں ایک قدرتی اینٹی بیکٹیریل عنصر کے طور پر بدبو کو ختم کرنے میں معاون ہوتا ہے، یوں یہ تینوں اجزا مل کر منہ کی گہرائی میں موجود بیکٹیریا کو صاف کرتے ہیں اور بدبو کی اصل وجہ کو جڑ سے ختم کرتے ہیں، نہ کہ صرف وقتی طور پر خوشبو پیدا کرتے ہیں۔
احتیاطی تدابیر
منہ کی بدبو سے مستقل نجات کے لیے ماہرین چند اضافی احتیاطی تدابیر بھی بتاتے ہیں:
روزانہ زبان کو اسکریپر سے صاف کریں۔
زیادہ پانی پئیں تاکہ منہ خشک نہ رہے۔
سگریٹ نوشی، بہت زیادہ چائے اور کافی سے پرہیز کریں۔
دانتوں اور مسوڑھوں کا باقاعدہ معائنہ کروائیں۔
اگر منہ کی بدبو مسلسل برقرار رہے، مسوڑھوں سے خون آئے یا درد محسوس ہو تو فوری طور پر دانتوں کے ڈاکٹر یا ماہرِ صحت سے رجوع کرنا ضروری ہے۔