شائع 20 جنوری 2026 10:43am

صدر ٹرمپ نے پیوٹن کو غزہ ’بورڈ آف پیس‘ میں مدعو کرنے کی تصدیق کردی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کی رات صحافیوں سے گفتگو میں تصدیق کی کہ انہوں نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کو امن اور تعمیر نو کے لیے قائم کیے گئے بین الاقوامی ’بورڈ آف پیس‘ میں رکن بننے کی دعوت دے دی ہے، جس کا مقصد عالمی تنازعات کے حل کے لیے کوششیں کرنا ہے۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے تصدیق کی کہ روسی صدر کو اس اقدام میں شامل ہونے کی دعوت دی جا چکی ہے۔

خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ’بورڈ آف پیس‘ کی سربراہی کرتے ہوئے پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اور بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی کو بھی اس پروگرام میں شامل ہونے کی دعوت دے چکے ہیں۔

اتوار کو پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے ایک مختصر بیان میں تصدیق کی تھی کہ پاکستان کے وزیراعظم کو امریکی صدر کی جانب سے بورڈ آف پیس آن غزہ میں شمولیت کی دعوت موصول ہو گئی ہے۔

جبکہ امریکا کے بھارت میں ایلچی سرجیو گور نے بھی اتوار کو بتایا تھا کہ صدر ٹرمپ کی جانب سے نریندر مودی کو اس بورڈ میں شامل ہونے کی دعوت پہنچا دی گئی ہے۔

اس پیش رفت کو واشنگٹن کی جانب سے غزہ کے مستقبل کے انتظام اور امن عمل میں عالمی قیادت کو شامل کرنے کی ایک کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔


امریکا نے ہفتے کے روز غزہ ایگزیکٹو بورڈ کے ابتدائی ارکان کے ناموں کا اعلان کیا، جن میں ترکیہ کے وزیر خارجہ، قطر کے ایک اعلیٰ عہدیدار، برطانیہ کے سابق وزیراعظم ٹونی بلیئر اور ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر شامل ہیں۔

جس کے بعد اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے غزہ ایگزیکٹو بورڈ پر اپنے اعلیٰ مشیروں کا اجلاس بلایا، کیونکہ اسرائیل کا کہنا ہے کہ بورڈ کے ایک ذیلی ادارے کی تشکیل میں اس سے مشاورت نہیں کی گئی۔

نیتن یاہو کے دفتر کے مطابق یہ عمل اسرائیل کی پالیسی کے خلاف ہے۔

Read Comments