شائع 19 جنوری 2026 08:46pm

کابل کے ہائی سیکیورٹی زون میں دھماکا، 7 افراد ہلاک، متعدد زخمی

افغانستان کے دارالحکومت کابل کے ہائی سیکیورٹی زون میں واقع ہوٹل میں زوردار دھماکے کے نتیجے میں کم از کم سات افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں، افغان حکام نے واقعے کی تصدیق کر دی ہے۔

افغانستان میں متحرک امدادی تنظیم ’ایمرجنسی‘ کے کنٹری ڈائریکٹر ڈیجان پینک نے بیان میں کہا ہے کہ اب تک ان کے اسپتال میں 20 زخمیوں کو لایا جا چکا ہے۔ ان کے مطابق زخمیوں میں چار خواتین اور ایک بچہ بھی شامل ہیں جبکہ سات افراد اسپتال پہنچنے سے قبل ہی دم توڑ چکے تھے۔

افغان طالبان کی وزارتِ داخلہ کے ترجمان عبدالمتین قانی نے رائٹرز سے بات کرتے ہوئے دھماکے میں متعدد ہلاکتوں اور زخمیوں کی تصدیق کی تھی۔

کابل پولیس کے ترجمان خالد زدران کا کہنا ہے کہ دھماکے میں شہرِ نو کے تجارتی علاقے میں واقع ایک ہوٹل کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق شہرِ نو کے علاقے میں اہم دفاتر، شاپنگ سینٹرز، غیر ملکی شہریوں اور سفارتی عملے کی رہائش گاہیں واقع ہیں اور یہ کابل کے محفوظ ترین علاقوں میں شمار ہوتا ہے۔

سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیوز میں ہوٹل کے باہر سڑک پر بکھرا ملبہ اور عمارت کے اگلے حصے میں بننے والے بڑے شگاف سے دھواں اٹھتا دیکھا جا سکتا ہے۔

افغان حکام کی جانب سے دھماکے کی وجوہات کے بارے میں فوری طور پر کوئی معلومات سامنے نہیں آ سکیں، حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، مزید تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی۔

واضح رہے کہ افغان طالبان نے 2021 میں اقتدار سنبھالنے کے بعد ملک میں امن و امان کی بحالی کا دعویٰ کیا تھا، اس کے باوجود اس طرز کے حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔

شدت پسند گروہ داعش کی مقامی تنظیم ماضی میں اس نوعیت کے کئی حملوں کی ذمہ داری قبول کر چکی ہے تاہم پیر کے روز ہونے والے دھماکے کی ذمہ داری ابھی تک کسی بھی گروہ نے قبول نہیں کی ہے۔

Read Comments