گل پلازہ سانحے پر شوبز انڈسٹری بھی غم سے نڈھال
پاکستان کی شوبز انڈسٹری کی نامور شخصیات نے سانحہ گل پلازہ پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
معروف شاپنگ سینٹر گل پلازہ میں ہفتے کو لگنے والی آگ پر تاحال قابو نہیں پایا جاسکا ہے اور واقعے میں 15 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوچکی ہے۔ جبکہ 65 تاحال لاپتہ ہیں۔
اس سانحے پر اداکار نعمان اعجاز نے گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے اسے قوم کے لیے بڑا سانحہ قرار دیا۔
اداکارہ سجل علی نے کہا کہ وہ اس اندوہناک واقعے پر دل سے غمزدہ ہیں اور ان کی دعائیں تمام متاثرہ افراد کے ساتھ ہیں۔
اس کے ساتھ ہی اداکارہ علیزے شاہ نے بھی شدید دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اس سانحے کو ناقابلِ یقین قرار دیا اور زخمی و لاپتہ افراد کے لئے حفاظت کے ساتھ جلد ملنے کی دعا بھی کی۔ انہوں نے کراچی کے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اس مشکل وقت میں ایک دوسرے کا سہارا بنیں۔
اداکار علی عباس نے واقعے کو شہر کی مجموعی صورتِ حال کا عکاس قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ سانحہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ کراچی کے عوام کو اپنے نمائندوں کے انتخاب میں سنجیدگی اور دانشمندی سے کام لینا ہوگا۔
اداکارہ ایمن خان نے بھی متاثرین سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے ان کے لیے دعا کی۔
اداکارہ مدیحہ امام نے اپنے پیغام میں کہا کہ گل پلازہ محض ایک شاپنگ سینٹر ہی نہیں بلکہ کراچی کا ایک اہم ثقافتی ورثہ تھا۔ ان کے مطابق اس سانحے میں ہونے والا جانی نقصان ناقابلِ تلافی ہے۔ ان کے بقول اس سانحے میں صرف تاجروں کا ہی نقصان نہیں ہوا بلکہ یہ پورے شہر کا نقصان ہے۔