شائع 18 جنوری 2026 09:14pm

گل پلازہ میں پھنسے شہری کا موبائل پر بھیجا آڈیو پیغام سامنے آگیا

کراچی کے علاقے ایم اے جناح روڈ پر واقعے گل پلازہ میں پھنسے ایک شہری کا موبائل پر بھیجا آڈیو پیغام سامنے آگیا، جس میں وہ بتا رہا ہے کہ شدید آگ میں پھنس چکا ہوں اور اب نکلنا بہت مشکل ہے۔

کراچی گل پلازہ میں گزشتہ رات 10 بجے سے لگنے والی آگ تاحال نہ بجھائی جاسکی ہے، جہاں امدادی کام عارضی طور پر روک دیا گیا ہے جب کہ لواحقین عمارت کے باہر پریشان اور بے بسی کے عالم میں کھڑے ہیں۔

گل پلازہ میں آتشزدگی کے بعد اندر پھنسے شہری کی جانب سے موبائل پر بھیجی گئی آڈیو آج نیوز کو موصول ہوئی ہے۔ جس میں شہری کہتا ہے کہ اسلام علیکم، میں گل پلازہ میں چاروں طرف سے پھنس چکا ہوں، بہت خطرناک قسم کی آگ لگی ہے، میرا نکلنا بہت مشکل ہوگیا ہے، مجھ سے کوئی غلطی یا کوتاہی ہوئی ہو تو معاف کردینا۔

آڈیو میں دیگر پھنسے افراد کی بھی آوازیں سنائی دے رہی ہیں، اس دوران ایک اور شخص یا اللہ پکارتا ہے اور کہتا ہے دروازہ توڑو، جس پر پہلا شہری کہتا ہے باہر آگ ہے۔

دوسری جانب کراچی کے علاقے ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں آگ لگنے کے افسوسناک واقعے کے بعد عمارت کی چھت سے خصوصی مناظر سامنے آگئے ہیں۔

 فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گل پلازہ کی چھت پر متعدد گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں موجود ہیں تاہم آگ لگنے کے باوجود خوش قسمتی سے ان گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کو ابھی تک کوئی نقصان نہیں پہنچا اور وہ درست حالت میں موجود ہیں۔

فائربریگیڈ حکام کے مطابق گل پلازہ کی عمارت کو انتہائی مخدوش قرار دے دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ عمارت کی بالائی چھت کے گرنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ گل پلازہ شاپنگ مال میں رات گئے لگنے والی آگ پر بڑی حد تک قابو پالیا گیا ہے، آتشزدگی کے باعث عمارت کے دو حصے منہدم ہوگئے، فائر فائٹر سمیت 6 افراد جاں بحق اور 56 افراد لاپتہ ہیں جب کہ آگ سے 22 افراد زخمی ہیں جن میں سے 18 کی حالت نازک ہے۔

ہیلپ لائن نمبرز:

سندھ حکومت نے معلومات اور گمشدگی کی اطلاع کے لیے ہیلپ لائن قائم کر دی ہے۔

ہیلپ لائن نمبرز 02199206372 ۔۔۔۔ 02199205625 پر اطلاع دیں

ہیلپ لائن نمبرز 02199205670 ۔۔۔۔ 03135048048 پر اطلاع دیں

ہیلپ لائن نمبرز 02199201196 ۔۔۔۔ 02199205691 پر اطلاع دیں

Read Comments