شائع 18 جنوری 2026 01:43pm

جنید صفدر کی بارات، تصاویر سامنے آگئیں

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے صاحبزادے اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے نواسے جنید صفدر کی بارات کی خوبصورت تصاویر سامنے آگئی ہیں، جسے سوشل میڈیا پر خوب پسند کیا جارہا ہے۔

جنید صفدر کی بارات کی تقریب لاہور کی ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں دن کے وقت منعقد ہوئی، جس کی میزبانی دلہن کے اہل خانہ نے کی۔

اس تقریب میں سابق وزیراعظم نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وفاقی و صوبائی وزرا، سیاسی شخصیات، قریبی رشتہ داروں اور ملکی و غیر ملکی مہمانوں نے شرکت کی۔

مسلم لیگ (ن) کے کارکنان اور مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات بھی تقریب میں مدعو تھیں۔

جنید صفدر کا نکاح چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ راغب نعیمی نے پڑھایا۔

جنید صفدر نے اپنی شادی کی تصاویراپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کیں۔

بارات کے موقع پر جنید صفدر نے آف وائٹ رنگ کی نفیس شیروانی زیب تن کی، جس کے ساتھ روایتی پگڑی بھی شامل تھی۔ ان کا لباس معروف پاکستانی ڈیزائنر ایچ ایس وائی کا تیار کردہ تھا۔

دوسری جانب دلہن شانزے علی روحیل نے معروف بھارتی ڈیزائنر ترون تہیلیانی کا تیار کردہ خوبصورت سرخ عروسی لباس پہنا، جس پر سنہری اور آئیوری رنگ کی باریک زردوزی کڑھائی کی گئی تھی۔

انہوں نے بھاری گھونگھٹ، نفیس پولکی ہار جس میں سبز زمرد کے قطرے شامل تھے۔ دلہن نے میک اپ سادہ اور نیوڈ رکھا جبکہ بالوں کو سلیقے سے بن میں باندھا گیا۔

واضح رہے کہ شانزے علی روحیل، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی شیخ روحیل اصغر کی پوتی ہیں۔

جنید صفدر کی مہندی کی تقریب بھی جاتی امرا میں منعقد ہوئی تھی، جہاں قریبی عزیز و اقارب نے شرکت کی۔

آج ان کا ولیمہ بھی جاتی امرا میں رکھا گیا ہے، جس میں سیاسی و سماجی شخصیات کی بڑی تعداد کی آمد متوقع ہے۔

Read Comments