کان میں پانی چلا جائے تو کیا کریں؟
نہاتے وقت یا تیراکی کے دوران اکثرکان میں پانی چلا جاتا ہے، جس کی وجہ سے بےچینی اور کبھی کبھارتکلیف محسوس ہوتی ہے۔
اکثر لوگ گھبراہٹ میں آ کر کان میں انگلی، ماچس، پِن، ٹشو یا کاٹن بڈزڈال کراورپانی نکالنے کی کوشش کرتے ہیں، جو کہ انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔
ماہرینِ کے مطابق ایسی غلط حرکتیں کان کے پردے کو نقصان پہنچا سکتی ہیں اوران سے کان میں انفیکشن بھی ہوسکتا ہے۔
اگر کان میں پانی چلا جائے تو گھبرائیے نہیں بلکہ ڈاکٹر کے بتائے گئے یہ تین آسان اور محفوظ طریقے اپنائیں، جن سے پانی بآسانی نکل سکتا ہے۔
پہلا طریقہ
جس کان میں پانی گیا ہو، سر کو اسی جانب جھکائیں اور کان کو ہلکے سے نیچے کی طرف کھینچیں۔ اس کے بعد آہستہ آہستہ ہلکی جمپ لگائیں۔ اس عمل سے کان میں پھنسا ہوا پانی قدرتی طور پر باہر آ جاتا ہے۔
دوسرا طریقہ:
اپنی ہتھیلی کو کان پر رکھیں اور چند بار زور سے دبا کر چھوڑیں۔ اس سے سکشن پیدا ہوگا، جو کان کے اندر موجود پانی کو باہر نکالنے میں مدد دیتا ہے۔
تیسرا طریقہ:
یہ طریقہ احتیاط کے ساتھ صرف بڑوں کے لیے ہے۔ ہیئر ڈرائر کو کم حرارت پر رکھیں اور کان سے تقریباً دس انچ کے فاصلے پر پانچ سیکنڈ کے لیے گرم ہوا دیں، پھر روک دیں۔ اس عمل کو دو سے تین بار دہرائیں۔ اس سے کان کے اندر موجود پانی اور نمی خشک ہو جاتی ہے۔
24 گھنٹوں کے اندر پانی نہ نکلے یا تکلیف بڑھنے لگے تو فوری طور پر کسی مستند ڈاکٹر سے رجوع کریں۔
اگر کان میں پانی جانے کے بعد بھنبھناہٹ، درد، سنسناہٹ یا سماعت میں کمی محسوس ہو تو یہ انفیکشن کی علامت ہو سکتی ہے، ایسی صورت میں گھریلو طریقے نہ آزمائیں۔