شائع 17 جنوری 2026 09:10pm

انڈونیشیا کا سمندری نگرانی پر مامور طیارہ لاپتہ

انڈونیشیا میں ماہی گیری کی نگرانی پر مامور طیارہ لاپتا ہو گیا ہے، جس میں عملے سمیت 11 افراد سوار تھے۔

حکام کے مطابق طیارے سے فضائی کنٹرول سے رابطہ منقطع ہونے کے بعد ریسکیو ٹیموں نے تلاش کا عمل شروع کر دیا ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق انڈونیشیا ایئر ٹرانسپورٹ کا ’اے ٹی آر 42‘ طیارے کا ہفتے کے روز جنوبی سولاویسی صوبے کے علاقے ماروس کے قریب فضائی کنٹرول سے رابطہ منقطع ہوگیا۔

مقامی ریسکیو ایجنسی کے عہدیدار اینڈی سلطان نے بتایا کہ طیارہ یوگیاکارتا صوبے سے روانہ ہو کر جنوبی سولاویسی کے دارالحکومت مکاسر جا رہا تھا۔ شبہ ہے کہ طیارہ ماؤنٹ بُلوساراؤنگ کی چوٹی کے قریب گر کر تباہ ہوا ہو، اسی لیے ریسکیو اہلکاروں کو تعینات کر دیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق طیارے میں آٹھ افراد پر مشتمل عملہ اور تین مسافر سوار تھے۔ لاپتہ طیارے کی تلاش کے لیے فوج اور پولیس سمیت تقریباً 400 اہلکار تعینات کیے گئے ہیں تاہم خراب موسم ریسکیو آپریشن میں رکاوٹ بن رہا ہے۔

انڈونیشیا کی وزارتِ بحری امور و ماہی گیری کے مطابق تینوں مسافر وزارت کے اہلکار تھے جو ماہی گیری کی فضائی نگرانی انجام دے رہے تھے۔

دوسری جانب فرانس میں طیارہ ساز کمپنی اے ٹی آر نے تصدیق کی ہے کہ اسے انڈونیشیا میں پیش آنے والے حادثے سے آگاہ کر دیا گیا ہے اور اس کے ماہرین مقامی حکام کے ساتھ مل کر ریسکیو آپریشن میں تعاون کر رہے ہیں۔

Read Comments