عوام کے لیے بُری خبر: بجلی ایک ماہ کے لیے مہنگی ہونے کا امکان
بجلی صارفین کے لیے بری خبر، ایک ماہ کے لیے بجلی 48 پیسےفی یونٹ مہنگی ہونےکا امکان ہے، سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے دسمبر کےماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں درخواست دائر کر دی ہے۔
سی پی پی اے کی درخواست پر نیپرا اتھارٹی 29 جنوری کو سماعت کرے گی۔ منظوری کی صورت میں کے الیکٹرک اور ڈسکوز کے صارفین پر مجموعی طور پر 4 ارب روپے سے زائد کا اضافی بوجھ پڑنے کا امکان ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ دسمبر کے مہینے میں ملک بھر میں بجلی کی مجموعی پیداوار 8 ارب 48 کروڑ 70 لاکھ یونٹس رہی جبکہ ڈسکوز کو 8 ارب 20 کروڑ 80 لاکھ یونٹس بجلی فراہم کی گئی۔
سی پی پی اے کے مطابق اس بجلی کی فی یونٹ لاگت 9 روپے 62 پیسے ریکارڈ کی گئی جو سابق مہینوں کے مقابلے میں زیادہ ہے، اسی اضافے کو صارفین پر منتقل کرنے کیلئے ایڈجسٹمنٹ مانگی گئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق دسمبر میں ہائیڈل ذرائع سے 18 فیصد بجلی پیدا ہوئی جبکہ مقامی کوئلے سے 13.9 فیصد بجلی حاصل کی گئی۔ مہنگے ایندھن کے استعمال اور پیداواری لاگت میں اضافے کو درخواست کی بنیادی وجہ قرار دیا گیا ہے۔
اگر نیپرا نے درخواست منظور کر لی تو یہ اضافہ ایک ماہ کیلئے صارفین کے بلوں میں شامل کیا جائے گا۔ یوں سردیوں میں کم استعمال کے باوجود بلوں میں اضافہ عوام کے لیے ایک اور حیران کن خبر بن سکتا ہے۔