بلوچستان: 2 گاڑیوں میں تصادم کے بعد آگ بھڑک اٹھی، 5 افراد جاں بحق
بلوچستان کے ضلع واشک میں 2 گاڑیوں میں خوفناک تصادم کے بعد آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں 5 افراد جھلس کر جاں بحق ہو گئے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق جمعے کو واشک کے علاقے رخشان بدرنگ کے مقام پر ایرانی تیل سے بھری 2 زمباد گاڑیوں میں المناک حادثہ پیش آیا، حادثے میں دونوں گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی، جس کے باعث گاڑیوں میں سوار تمام 5 افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے۔
جاں بحق افراد کا تعلق نوشکی اور واشک کے علاقے کریچی سے بتایا جا رہا ہے، لاشوں کو شناخت اور قانونی کارروائی کے لیے ڈی ایچ کیو اسپتال بیسمہ منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس نے افسوسناک حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
Read Comments