ایلومینیم فوائل کی کون سی سائیڈ استعمال کرنی چاہیے؟
ایلومینیم فوائل آج تقریباً ہر کچن میں استعمال ہونے والی عام ضرورت بن چکی ہے، جسے بیکنگ، گرلنگ اور کھانا محفوظ رکھنے کے لیے بڑے پیمانے پر استعمال کیا جاتا ہے۔
تاہم اکثر افراد اس بات پر الجھن کا شکار رہتے ہیں کہ فوائل کی چمکدار سائیڈ کھانے کی طرف رکھنی چاہیے یا غیر چمکدار سائیڈ، کیونکہ بعض لوگوں کا خیال ہے کہ ایک سائیڈ کھانا بہتر طریقے سے پکاتی ہے یا صحت کے لیے زیادہ محفوظ ہوتی ہے، لیکن ماہرین کے مطابق یہ محض ایک غلط فہمی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ایلومینیم فوائل کی دونوں سائیڈز میں فرق اس کے بنانے کے طریقۂ کار کی وجہ سے ہوتا ہے۔ فوائل کو تیار کرتے وقت ایلومینیم کی موٹی چادروں کو بار بار رول کیا جاتا ہے اور آخری مرحلے میں دو شیٹس کو ایک ساتھ رول کیا جاتا ہے۔
اس عمل کے دوران جو سائیڈ چمکدار اسٹیل رولرز کے ساتھ لگتی ہے وہ چمکدار نظر آتی ہے، جبکہ دوسری سائیڈ دوسری شیٹ کے ساتھ لگنے کی وجہ سے غیر چمکدار رہتی ہے۔ اس فرق کا تعلق نہ تو فوائل کی موٹائی سے ہے اور نہ ہی اس کی کیمیائی ساخت سے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ فوائل کی دونوں سائیڈز حرارت کو یکساں طور پر منتقل کرتی ہیں اور کھانا پکانے کے عمل میں ایک جیسا نتیجہ دیتی ہے۔
اگرچہ چمکدار سائیڈ معمولی سی زیادہ حرارت واپس لوٹاتی ہے، مگر یہ فرق اتنا معمولی ہوتا ہے کہ گھر پر کھانا پکاتے وقت اس کا کوئی نمایاں اثر نہیں پڑتا۔ اسی طرح دونوں سائیڈز کی کیمیائی خصوصیات بھی ایک جیسی ہوتی ہیں، اس لیے فوائل کی کسی بھی سائیڈ کو کھانے کے ساتھ استعمال کرنا محفوظ سمجھا جاتا ہے۔
ماہرین غذائیت کے مطابق فوائل کے استعمال سے صحت کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہوتا اور ایلومینیم کا کھانے میں شامل ہونا فوائل کی سائیڈ پر منحصر نہیں بلکہ کھانے کی نوعیت سے جڑا ہوتا ہے۔
بہت زیادہ تیزابیت والے یا نمکین کھانوں کو فوائل میں زیادہ درجۂ حرارت پر نہ پکانا بہتر ہوتا ہے، کیونکہ ایسی صورت میں ایلومینیم کی معمولی مقدار کھانے میں شامل ہو سکتی ہے، لیکن اس کا تعلق فوائل کی سائیڈ سے نہیں بلکہ کھانے کی ساخت سے ہے۔
البتہ نان اسٹک ایلومینیم فوائل کا معاملہ الگ ہے، کیونکہ اس میں ایک سائیڈ پر خاص کوٹنگ کی جاتی ہے۔ ایسی فوائل استعمال کرتے وقت کمپنی کی ہدایات پر عمل کرنا ضروری ہوتا ہے اور نان اسٹک سائیڈ کو کھانے کی طرف رکھنا چاہیے تاکہ کھانا چپکے نہیں۔ عام ایلومینیم فوائل کے معاملے میں ایسی کوئی ہدایات نہیں دی جاتی ہیں۔
ماہرین اس بات پر متفق ہیں کہ ایلومینیم فوائل کی کوئی مخصوص ’’درست‘‘ یا ’’غلط‘‘ سائیڈ نہیں۔ چمکدار ہو یا غیر چمکدار، دونوں ہی سائیڈز یکساں طور پر مؤثر اور محفوظ ہیں، اس لیے آئندہ فوائل استعمال کرتے وقت کسی الجھن کے بغیر اسے آسانی سے استعمال کیا جا سکتا ہے۔