شائع 16 جنوری 2026 11:50am

آدھی رات کو ڈھائی میٹر لمبا اژدھا خاتون پر آبیٹھا

آسٹریلیا کے شہر برسبین میں پیر کی رات ایک غیر معمولی واقعہ پیش آیا۔ خاتون رچل بلور اپنے بستر پر نیند کی حالت میں تھیں کہ اچانک انہیں اپنے اوپر ایک بھاری وزن محسوس ہوا۔ ابتدا میں خاتون نے سوچا شاید یہ ان کا کتا ہے، لیکن جب انہوں نے ہاتھ بڑھایا تو اسے محسوس ہوا کہ یہ کتا نہیں بلکہ کچھ ہموار اور رینگتا ہوا ہے۔

بی بی سی نیوز کے مطابق ریچل بلور نے کہا کہ جیسے ہی ان کے ساتھی نے بستر کے پاس لیمپ جلایا تو دل دہلادینے والا منظر تھا، ان کے شوہر چیخے ”ہلنا مت … تمہارے اوپر ڈھائی میٹر لمبا پائیتھون ہے۔“ اس لمحے میں ریچل کے منہ سے کچھ گالی نکلی، اور فوراً اس نے کمرے میں موجود کتوں کو باہر نکالنے کا حکم دیا تاکہ کوئی حادثہ نہ ہو۔

ریچل نے بی بی سی کو بتایا کہ انہیں سب سے زیادہ فکر اپنے ڈیلمیشن کتے کی تھی، کیونکہ اگر کتے کو پتہ چل گیا کہ بستر پر سانپ ہے تو صورتحال قابو سے باہر ہو سکتی تھی۔ اس لیے انہوں نے سب سے پہلے کتے کو کمرے سے باہر محفوظ کر دیا۔ اب اس سے بچنا اور اسے باہر نکالنا صرف ہمت اور اس صورت میں ممکن ہوسکتا تھا کہ وہ خود پر قابو رکھیں۔

بلور نے احتیاط سے خود کو کمبل کے نیچے سے نکلنے کی کوشش کی۔ وہ کہتی ہیں، ”میں بس احتیاط سے کمبل کے نیچے سے باہر نکلنے کی کوشش کر رہی تھی اور اپنے دماغ میں سوچ رہی تھی، ’کیا واقعی یہ سب ہو رہا ہے؟ یہ تو بہت ہی عجیب ہے۔“

بلور کا کہنا ہے کہ یہ پائیتھون، جو زہریلا نہیں ہوتا، شاید کھڑکی کی شٹر کے راستے کمرے میں داخل ہو کر بستر پر آ گیا تھا۔ ریچل نے اسے ہاتھ میں لے کر واپس شٹر کی طرف لے جانا شروع کیا، اور وہ بتاتی ہیں کہ پائیتھون زیادہ خوفزدہ نہیں تھا۔

ریچل نے کہا کہ ”یہ اتنا بڑا تھا کہ میرے اوپر لپٹا ہونے کے باوجود اس کی دم کا ایک حصہ ابھی بھی کھڑکی کے شٹر سے باہر تھا۔ میں نے اسے پکڑا، اور وہ ہاتھ میں تھوڑی ہلچل کے ساتھ ریگنے لگا لیکن وہ زیادہ خوفزدہ نہیں لگ رہا تھا۔“

ریچل کا کہنا ہے کہ چونکہ انہوں نے سانپوں کے ساتھ پرورش پائی ہیں، اس لیے وہ زیادہ خوفزدہ نہیں ہوئیں، لیکن ان کے شوہر واقعی حیران رہ گئے۔

وہ کہتی ہیں، ”میرا خیال ہے اگر آپ پرسکون رہیں تو وہ بھی پرسکون رہتے ہیں۔“ انہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ اگر یہ کین ٹوڈ ہوتا تو صورتحال بالکل مختلف اور خوفناک ہوتی۔

کین ٹوڈ دراصل آسٹریلیا میں پایا جانے والا مینڈک ہے جو بہت زہریلا ہوتا ہے، اس کا زہر تیزی سے پھیلتا ہے۔

Read Comments