حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے اعلان کردیا
وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان کردیا ہے، جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
جمعرات کو پیٹرولیم ڈویژن نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ اگلے 15 روز کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کوئی اضافہ یا کمی نہیں کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ قیمتوں میں استحکام کا اطلاق 16 جنوری سے اگلے 15 روز کے لیے ہوگا۔
وزارت پیٹرولیم کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 16 جنوری سے پیٹرول کی قیمت 253 روپے 17 پیسے فی لیٹر برقرار رہے گی، اسی طرح ڈیزل کی قیمت بھی 257 روپے 08 پیسے فی لیٹر برقرار رہے گی۔
حکام کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں اور مقامی معاشی عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن کا کہنا ہے کہ قیمتیں برقرار رکھنے کا مقصد عوام کو ریلیف فراہم کرنا اور مہنگائی کے دباؤ کو کم کرنا ہے۔
قبل ازیں ذرائع نے توقع ظاہر کی تھی کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں کمی کی وجہ سے پاکستان میں بھی 16 جنوری سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہوگی۔
ذرائع نے دعویٰ کیا تھا کہ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 4 روپے 59 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 70 پیسے کمی کا امکان ہے، اسی طرح مٹی کے تیل کی فی لیٹر ایک روپے 82 پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 2 روپے 08 پیسے فی لیٹر کمی کا اندازہ لگایا گیا تھا۔
یاد رہے کہ یکم جنوری کو حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے 28 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی تھی، جس کے بعد نئی قیمت 253 روپے 17 پیسے فی لٹر پر مقرر ہوگئی تھی۔ اسی طرح ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے 57 پیسے فی لیٹر کمی کے بعد 257 روپے 8 پیسے فی لٹر مقرر کی گئی تھی۔