شائع 15 جنوری 2026 10:50pm

فیفا ورلڈ کپ 2026 شروع ہونے سے پہلے ہی نیا ریکارڈ بن گیا

فیفا ورلڈ کپ 2026 شروع ہونے سے پہلے ہی نیا ریکارڈ بن گیا ہے، فیفا کو میگا ایونٹ کے لیے 500 ملین (50 کروڑ) سے زیادہ ٹکٹوں کی درخواستیں موصول ہوگئی ہیں۔

فٹبال ورلڈ کپ 2026 کا بخار ابھی سے سرچڑھ کر بولنے لگا، ایونٹ شروع ہونے سے پہلے ہی دنیا بھر میں شائقین کا غیر معمولی جوش دیکھنے میں آرہا ہے، جہاں صرف 33 دنوں کے دوران ٹکٹس کے لیے 50 کروڑ سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں، جو فیفا کی تاریخ میں ایک ریکارڈ قرار دیا جا رہا ہے۔

فیفا کے مطابق ورلڈ کپ 2026 کے لیے رینڈم سلیکشن ڈرا مرحلہ 11 دسمبر سے 13 جنوری تک جاری رہا، جس کے دوران دنیا بھر سے 50 کروڑ سے زائد ٹکٹ درخواستیں جمع کرائی گئیں۔ یہ پہلا ورلڈ کپ ہوگا جس میں 48 ٹیمیں شرکت کریں گی اور اس میں تمام 211 فیفا رکن ممالک کے شائقین نے درخواستیں جمع کروائیں۔

فیفا کا کہنا ہے کہ اس عرصے کے دوران یومیہ اوسطاً ڈیڑھ کروڑ ٹکٹس کی درخواستیں موصول ہوئیں، جن کی تصدیق منفرد کریڈٹ کارڈ معلومات کے ذریعے کی گئی۔ میزبان ممالک امریکا، میکسیکو اور کینیڈا کے علاوہ سب سے زیادہ درخواستیں جرمنی، انگلینڈ، برازیل، اسپین، پرتگال، ارجنٹائن اور کولمبیا سے موصول ہوئیں۔

سب سے زیادہ توجہ حاصل کرنے والا میچ کولمبیا اور پرتگال کے درمیان 27 جون کو میامی میں کھیلا جانے والا مقابلہ رہا جب کہ دیگر ہائی ڈیمانڈ میچز میں 18 جون کو گواڈالاہارا میں میکسیکو اور جنوبی کوریا کا میچ، 19 جولائی کو نیویارک/نیو جرسی میں فائنل، 11 جون کو میکسیکو سٹی میں میکسیکو اور جنوبی افریقا کا افتتاحی میچ اور 2 جولائی کو ٹورنٹو میں راؤنڈ آف 32 کا میچ شامل ہے۔

فیفا صدر جیانی انفانٹینو نے کہا کہ صرف ایک ماہ سے کچھ زائد عرصے میں نصف ارب ٹکٹ درخواستیں موصول ہونا محض مانگ نہیں بلکہ عالمی سطح پر فٹبال سے وابستگی کا واضح پیغام ہے۔

انہوں نے شائقین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ فیفا کا مقصد زیادہ سے زیادہ شائقین کو اس تاریخی ایونٹ کا حصہ بننے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

فیفا ٹکٹنگ سروس اب تمام درخواستوں کی جانچ کرے گی تاکہ قواعد اور فی گھرانہ حد پر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔ جہاں ٹکٹوں کی طلب زیادہ ہوگی، وہاں منصفانہ تقسیم کے لیے قرعہ اندازی کے ذریعے ٹکٹس دیے جائیں گے۔

فیفا کے مطابق شائقین کو 5 فروری سے قبل ای میل کے ذریعے درخواستوں کے نتائج سے آگاہ نہیں کیا جائے گا جب کہ کامیاب یا جزوی طور پر کامیاب درخواست دہندگان سے خود کار طور پر رقم وصول کر لی جائے گی۔

جو شائقین اس مرحلے میں ٹکٹس حاصل نہ کر سکیں، انہیں آخری مرحلے میں فرسٹ کم، فرسٹ سرو کی بنیاد پر دوبارہ موقع دیا جائے گا، جو ٹورنامنٹ کے اختتام تک جاری رہے گا۔

فیفا نے واضح کیا ہے کہ صرف ٹکٹ حاصل ہونا میزبان ممالک میں داخلے کی ضمانت نہیں، اس لیے شائقین کو ویزا کے لیے بروقت درخواست دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ امریکا، میکسیکو اور کینیڈا میں فیفا 2026 ورلڈکپ کا آغاز 11 جون کو ہوگا جبکہ اس کا فائنل 19 جولائی کو کھیلا جائے گا۔

فیفا ورلڈ کپ 2026 کی فاتح ٹیم کو 5 کروڑ ڈالر کی انعامی رقم دی جائے گی، پچھلے ایڈیشن کی فاتح ٹیم کو 4 کروڑ 20 لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم دی گئی تھی۔ فیفا ورلڈ کپ رنر اپ ٹیم کو 3 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم دی جائے گی۔

Read Comments