سندھ حکومت کی کار کردگی، آئندہ کےلائحہ عمل پر بلاول کی بریفنگ
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھ حکومت صحت، تعلیم، سماجی تحفظ اور بحالی کے شعبوں میں مؤثر اور نمایاں اقدامات کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی مینڈیٹ کے ساتھ اقتدار میں آنے والی پیپلزپارٹی نے درپیش چیلنجز کے باوجود بہترین حکمت عملی کے تحت صوبے میں نظام کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز رکھی ہے۔
اسلام آباد میں سندھ حکومت کی کارکردگی اور آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھ حکومت مختلف شعبوں میں نمایاں اقدامات کر رہی ہے اور عوامی خدمت کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی بھاری عوامی اکثریت سے اقتدار میں آئی اور حکومت سنبھالتے ہی کئی بڑے چیلنجز کا سامنا تھا، جن سے مؤثر حکمت عملی کے تحت نمٹا گیا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ میں صحت کے شعبے پر خصوصی توجہ دی گئی اور نظام صحت کو مضبوط بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ سندھ نے پہلی بار علاج کے لیے سائبر نائف ٹیکنالوجی متعارف کرائی، جبکہ جناح اسپتال کو عالمی معیار کے مطابق اپ گریڈ کیا گیا۔ ان کے مطابق صوبے میں عالمی معیار کی صحت کی سہولتیں عوام کو مفت فراہم کی جا رہی ہیں اور کینسر جیسے مہنگے ترین علاج بھی بلا معاوضہ کیے جا رہے ہیں۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ این آئی سی وی ڈی طرز کے سندھ بھر میں گیارہ اسپتال قائم کیے گئے ہیں، جہاں ایک سال کے دوران 29 لاکھ سے زائد مریضوں نے علاج کی سہولت حاصل کی۔
ان کا کہنا تھا کہ این آئی سی وی ڈی میں امراض قلب کے مریضوں کو مفت علاج فراہم کیا جا رہا ہے، جبکہ ماضی میں اندرون سندھ کے مریضوں کو علاج کے لیے طویل سفر کرنا پڑتا تھا۔
تعلیم کے شعبے پر بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ میں تعلیمی بہتری کے لیے بھی نمایاں اقدامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت صوبے میں تیس جامعات کام کر رہی ہیں، جبکہ 2008 میں یہ تعداد صرف دس تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ 2017 میں گمبٹ میڈیکل کالج قائم کیا گیا اور ایک لاکھ اساتذہ کی میرٹ پر بھرتی عمل میں لائی گئی۔
بلاول بھٹو نے 2022 کے تاریخی سیلاب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سندھ نے ایک بڑے قدرتی سانحے کا سامنا کیا، جس میں ہزاروں اسکول متاثر ہوئے اور اکیس لاکھ گھر تباہ ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب کے بعد سندھ میں سب سے بڑا ہاؤسنگ منصوبہ شروع کیا گیا اور متاثرین کے لیے اکیس لاکھ گھروں کی تعمیر جاری ہے۔ ان کے مطابق اس مشکل وقت میں وفاقی حکومت اور وزیر اعظم کی مکمل حمایت حاصل رہی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں تخفیف غربت پروگرام شروع کیا گیا ہے، جبکہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام وفاقی سطح پر ایک بڑا سماجی تحفظ کا نظام ہے، جس پر پیپلزپارٹی کو فخر ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ گمبٹ اسپتال میں زیر علاج مریضوں کی بڑی تعداد دوسرے صوبوں سے آتی ہے، جو سندھ میں صحت کی سہولتوں پر عوام کے اعتماد کا ثبوت ہے۔
تقریب سے خطاب کے اختتام پر بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ حکومت ہر شعبے میں بہتری کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے اور عوامی خدمت کا یہ سفر آئندہ بھی اسی عزم کے ساتھ جاری رہے گا۔