شائع 15 جنوری 2026 02:08pm

ٹرمپ کے بیان کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں گر گئیں

بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے اور فی بیرل قیمت 64.85 ڈالر تک گر گئی ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکا کے ایران پر ممکنہ فوجی حملے کے خدشات کم ہونے کے باعث سرمایہ کاروں نے مارکیٹ میں محتاط رویہ اختیار کیا، جس سے قیمتوں پر دباؤ کم ہوا۔

لندن برینٹ خام تیل کی قیمت ایک ڈالر 67 سینٹ یا 2.5 فیصد کمی کے بعد 64.85 ڈالر فی بیرل پر آ گئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل ایک ڈالر 54 سینٹ یا 2.5 فیصد کمی کے بعد 60.48 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کر رہا ہے۔

رائٹرز کے مطابق ایران میں حکومت کے خلاف احتجاج میں کمی واقع ہوئی ہے، اور بعض سزاؤں پر عملدرآمد عارضی طور پر روک دیا گیا ہے، جس سے مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم ہوئی اور تیل کی سپلائی کے حوالے سے صورتحال بہتر ہوئی۔ ان عوامل نے عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں پر نمایاں اثر ڈالا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ خطے میں کشیدگی میں کمی اور ممکنہ فوجی کارروائی کے خدشات کے خاتمے کے بعد سرمایہ کاروں نے تیل کی خرید و فروخت میں اعتدال اختیار کیا، جس سے قیمتوں میں 2.5 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

Read Comments