الیکٹرک کار یا اسکوٹی کو چارج کرتے وقت کن باتوں کا خیال رکھنا چاہیے؟
الیکٹرک گاڑی (ای وی) کی دنیا میں قدم رکھنا ایک دلچسپ تجربہ ہے۔ اب پٹرول یا ایندھن کے لیے بار بار رکنے کی ضرورت نہیں، بس پلگ لگائیں اور سفر شروع کریں۔ لیکن کچھ نئی عادات اپنا لینا ضروری ہیں تاکہ آپ کی گاڑی، بیٹری اور گھر دونوں محفوظ رہیں۔
الیکٹرک گاڑی کے محفوظ استعمال کے لیے چند بنیادی حفاظتی باتوں سے واقف ہونا ہر ای وی رکھنے والے کے لیے ضروری ہے کیونکہ درست معلومات نہ ہونے کی صورت میں بیٹری اور چارجنگ سے متعلق مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔
اس تحریر میں ہم آپ کو وہ تمام ضروری معلومات فراہم کریں گے جن پر عمل کر کے آپ اپنی الیکٹرک گاڑی کو محفوظ طریقے سے چارج کر سکتے ہیں اور اس کی بہتر کارکردگی کو یقینی بنا سکتے ہیں۔
سب سے پہلے یہ تصدیق کریں کہ آپ کا چارجر آپ کی گاڑی کے پلگ سے ہم آہنگ ہے۔ اگرچہ فاسٹ یا سپر فاسٹ چارجرز پر سفر کے دوران وقت بچانے کا موقع ملتا ہے، مگر روزانہ کے استعمال کے لیے یہ نقصان دہ ہو سکتے ہیں کیونکہ زیادہ حرارت بیٹری کے خلیات کو آہستہ آہستہ کمزور کرتی ہے۔
بہتر ہے کہ گھر میں معمولی اے سی چارجر استعمال کیا جائے، جو رات بھر گاڑی کو آرام سے چارج کر دیتا ہے اور بیٹری کی زندگی طویل رکھتا ہے۔
جدید ای وی بیٹری منیجمنٹ سسٹم (بی ایم ایس) زیادہ چارج ہونے سے بچاتا ہے اور عام استعمال کے لیے چارجر اکثر 80 فیصد تک محدود رکھتا ہے۔ اس کا مقصد بیٹری کو غیر ضروری دباؤ سے بچانا اور طویل عرصے تک کارکردگی برقرار رکھنا ہے۔
اگر آپ لمبے سفر یا ہائی وے پر نکل رہے ہوں تب ہی مکمل یا 100 فیصد چارج کریں ورنہ 80 فیصد چارج کرنا ہی بہتر ہوگا۔
ایک بات کا بہت خیال رکھیں کہ چارجر اور کیبل ہمیشہ مستند برانڈ اور محفوظ سرٹیفیکیشنز والے استعمال کریں۔ ہر ہفتے کیبل اور پلگ کا معائنہ کریں۔ دراڑیں، مڑے ہوئے پن یا غیر معمولی گرمائش کا فوری نوٹس لیں۔ ناقص یا خراب سامان چنگاری یا شارٹ سرکٹ کا باعث بن سکتا ہے۔
چارجر کا استعمال ہمیشہ ہوا دار جگہ پر کریں، پانی اور بجلی کا ملاپ خطرناک ہوتا ہے اور بند گیراج میں گرمی جمع ہو سکتی ہے۔ اگر چارجنگ کے دوران کوئی بو محسوس ہو یا گرم ہونے کا احساس ہو تو فوراً پلگ نکال دیں اور سروس سینٹر سے رابطہ کریں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ صرف رات بھر چارجنگ کرنا ضروری نہیں، بلکہ اپلیکیشن کے ذریعے شیڈول بنا کر وہ وقت منتخب کریں جب آپ گاڑی استعمال کریں گے۔
اس بات کا بھی خیال رکھیں کہ ہر 10 ہزار کلومیٹر یا مقررہ وقفے پر سروس ضرور کرائیں تاکہ چھوٹے مسائل بروقت حل ہو سکیں۔ اکثر سمجھا جاتا ہے کہ ’سرد موسم میں بیٹری کو نقصان ہوتا ہے‘ یہ خیال بھی درست نہیں کیونکہ جدید بیٹریاں ہر موسم میں محفوظ اور موثر کام کرتی ہیں۔
یہ چھوٹے مگر اہم اقدامات الیکٹرنک کاروں یا گاڑیوں کے استعمال کو نہ صرف محفوظ بناتے ہیں بلکہ بیٹری کی عمر بڑھاتے اور آپ کے سفر کو پرسکون بناتے ہیں۔
جدید گاڑیوں کی ٹیکنالوجی کے ساتھ، صرف چند حفاظتی عادات اپنا کر آپ نہ صرف اپنی گاڑی بلکہ اپنے گھر اور اہل خانہ کی حفاظت بھی یقینی بنا سکتے ہیں۔