شائع 14 جنوری 2026 05:58pm

ویرات کوہلی کا 4 سال بعد ون ڈے رینکنگ میں پھر پہلا نمبر، بابر کی کیا پوزیشن رہی؟

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے ون ڈے پلیئرز کی رینکنگ جاری کر دی گئی ہے، جس کے مطابق بھارتی اسٹار بیٹر ویرات کوہلی نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ون ڈے میں شاندار کارکردگی کے بعد دوبارہ ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے جب کہ اس فہرست میں پاکستان کے بابر اعظم کا چھٹا نمبر ہے۔

بھارت نے نیوزی لینڈ کو پہلے ون ڈے میں نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دی، اس میچ میں ویرات کوہلی نے 91 گیندوں پر 93 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا، جس کے بعد کوہلی 4 سال بعد آئی سی سی ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں اپنے ہم وطن کھلاڑی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دوبارہ نمبر وَن پوزیشن پر آگئے ہیں۔

اس اننگز کے ساتھ ویرات کوہلی بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں سچن ٹنڈولکر کے مزید قریب پہنچ گئے اور دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔

آئی سی سی کے مطابق ویرات کوہلی نے جولائی 2021 کے بعد پہلی بار ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔ انہوں نے پہلی مرتبہ اکتوبر 2013 میں یہ پوزیشن حاصل کی تھی جب کہ یہ ان کا گیارہواں موقع ہے جب وہ ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں سرفہرست آئے ہیں۔

ویرات کوہلی اب تک مجموعی طور پر 825 دن نمبر ون پوزیشن پر فائز رہ چکے ہیں، جو کسی بھی بھارتی بیٹر کے لیے سب سے زیادہ ہے جب کہ آل ٹائم فہرست میں وہ دسویں نمبر پر ہیں، جہاں ویوین رچرڈز 2306 دن کے ساتھ سرفہرست ہیں۔

ویرات کوہلی کی حالیہ ون ڈے کارکردگی شاندار رہی ہے، انہوں نے اس میچ سے قبل اپنی آخری 4 ون ڈے اننگز میں 74 ناٹ آؤٹ، 135، 102 اور 65 ناٹ آؤٹ رنز اسکور کیے تھے۔

دوسری جانب بھارتی کپتان روہت شرما نہ صرف پہلی پوزیشن سے محروم ہوئے بلکہ وہ دو درجے تنزلی کے بعد تیسری پوزیشن پر چلے گئے۔ روہت شرما نے پہلے ون ڈے میں 26 رنز اسکور کیے تھے۔

نیوزی لینڈ کے آل راؤنڈر ڈیرل مچل نے بھی رینکنگ میں ایک درجہ ترقی حاصل کی ہے۔ انہوں نے پہلے ون ڈے میں 71 گیندوں پر 84 رنز بنائے، جس کے بعد وہ اپنے کیریئر کی بہترین ون ڈے رینکنگ پر پہنچ گئے ہیں اور ویرات کوہلی سے صرف ایک پوائنٹ پیچھے ہیں جب کہ ڈیرل مچل کے ساتھی بیٹر ڈیون کانوے تین درجے ترقی کے بعد 29 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔

پاکستان کے سابق کپتان بابراعظم کی ون ڈے رینکنگ میں چھٹی پوزیشن بر قرار ہے۔ اس کے علاوہ بھارتی بیٹر کے ایل راہل نے بھی ایک درجہ بہتری حاصل کی ہے، وہ 21 گیندوں پر 29 ناٹ آؤٹ رنز بنانے کے بعد 12ویں سے 11ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔

ون ڈے بولرز کی ٹاپ 10 فہرست میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی، افغانستان کے راشد خان کی پہلی پوزیشن برقرار ہے اورانگلینڈ کے جوفرا آرچر دوسرے جب کہ بھارت کے کلدیپ یادیو تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ پاکستان کے ابرار احمد نویں اور حارث رؤف بائیسویں پوزیشن پر موجود ہیں۔

بھارتی فاسٹ بولر محمد سراج نے شاندار کارکردگی کے بعد پانچ درجے ترقی حاصل کرتے ہوئے 15 ویں پوزیشن حاصل کر لی ہے، جہاں وہ بنگلہ دیش کے مہدی حسن مراز کے ساتھ موجود ہیں۔ نیوزی لینڈ کے کائل جیمیسن بھی چار وکٹیں لینے کے بعد 27 درجے ترقی کے ساتھ 69 ویں نمبر پر آ گئے ہیں، جہاں وہ بھارتی بولر ارشدیپ سنگھ کے ساتھ مشترکہ طور پر موجود ہیں۔


آئی سی سی ون ڈے آل راؤنڈرز رینکنگ میں افغانستان کے عظمت اللّٰہ عمرزئی کی پہلی پوزیشن برقرار ہے۔

دوسری جانب ایشزسیریز کے اختتام کے بعد ٹیسٹ رینکنگ میں آسٹریلوی کھلاڑیوں نے نمایاں ترقی حاصل کی ہے۔ ٹریوس ہیڈ 7 درجے ترقی کے بعد تیسرے نمبر پر پہنچ گئے۔ انہوں نے ایشز سیریز میں 629 رنز اسکور کیے تھے جب کہ اسٹیون اسمتھ چوتھے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

اس کے علاوہ انگلینڈ کے جو روٹ اور ہیری بروک بالترتیب پہلی اور دوسری پوزیشن پر موجود ہیں۔ دیگر ٹیسٹ کھلاڑیوں میں جیکب بیتھل نے 25 درجے ترقی کے بعد 52 ویں پوزیشن حاصل کی جب کہ مائیکل نیسر 7 درجے بہتری کے ساتھ 47 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ بیو ویبسٹر نے بیٹنگ، بولنگ اور آل راؤنڈر تینوں شعبوں میں اپنی پوزیشن بہتر کی ہے۔

ٹیسٹ بولرز کی فہرست میں بھارت کے جسپریت بمرا پہلی پوزیشن اور پاکستان کے نعمان علی کی ٹیسٹ بولرز رینکنگ میں دوسرا نمبر ہے جب کہ مچل اسٹارک 31 وکٹوں کے ساتھ چھ درجے بہتری کے بعد تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں جب کہ اسکاٹ بولینڈ ساتویں پوزیشن پر برقرار ہیں۔ ٹیسٹ آل راؤنڈرز میں بھارت کے رویندرا جڈیجا کا پہلا نمبر برقرار ہے۔

ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل رینکنگ میں سری لنکا کے وانندو ہسارنگا پاکستان کے خلاف سیریز میں عمدہ کارکردگی کے بعد 3 درجے ترقی کے ساتھ دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ پاکستان کے فاسٹ بولر سلمان مرزا نے بھی شاندار بولنگ کے بعد 16 درجے بہتری کے ساتھ 19 ویں پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

بیٹنگ رینکنگ میں صاحبزادہ فرحان ایک درجہ بہتری کے بعد پانچویں نمبر پر آ گئے ہیں جب کہ کپتان سلمان علی آغا 13 درجے ترقی کے بعد 41ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔

اس کے علاوہ آل راؤنڈرز کی فہرست میں صائم ایوب کی ایک درجہ تنزلی کے بعد زمبابوے کے سکندر رضا دوبارہ پہلی پوزیشن پر آ گئے ہیں۔

Read Comments