اپ ڈیٹ 14 جنوری 2026 02:55pm

ملتان سلطانز کے نئے مالکان کی تلاش شروع، پی سی بی کا اشتہار جاری

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز ملتان سلطانز کی نیلامی کے لیے اشتہار جاری کردیا ہے۔ ٹیم کو آئندہ دس سال کے لیے فروخت کیا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے بدھ کو اخبارات میں شائع کیے گئے اشتہار میں دلچسپی رکھنے والے سرمایہ کاروں اور اداروں کو پی ایس ایل کی ملتان ٹیم کی فرنچائز کے حقوق حاصل کرنے کی دعوت دی گئی ہے۔

اشتہار میں کہا گیا ہے کہ ملتان سلطانز پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن 2018 میں لیگ کا حصہ بنی اور اس کے بعد سے اپنی ایک مضبوط ’فین بیس‘ اور نمایاں شناخت قائم کر چکی ہے۔

پی سی بی کے مطابق ملتان سلطانز کی فرنچائز نئے مالکان کے لیے ایک پُرکشش موقع ہے، جو ٹیم کے ریکارڈز کو آگے بڑھاتے ہوئے اسے لیگ میں نئی بلندیوں تک لے جا سکتے ہیں۔

بولی میں شامل ہونے کے لیے خواہش مند افراد یا اداروں کو پی سی بی سے بِڈنگ دستاویزات حاصل کرنا ہوں گی۔ تکنیکی تجاویز جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 جنوری 2026 دوپہر 3 بجے مقرر کی گئی ہے جبکہ اسی روز تجاویز کھولی جائیں گی۔

پی سی بی نے واضح کیا ہے کہ صرف تکنیکی طور پر اہل قرار پانے والے بولی دہندگان ہی اگلے مرحلے میں شامل ہو سکیں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کا آغاز فروری 2016 میں ہوا تھا۔ ابتدائی طور پر اس لیگ میں 5 ٹیمیں شامل تھیں۔ 2018 میں تیسرے سیزن کے دوران ملتان کو چھٹی ٹیم کے طور پر شامل کیا گیا تھا، جسے شون پراپرٹیز نے خریدا تھا۔

بعد ازاں مالکان کی جانب سے معاہدے کی مالی ذمہ داریاں پوری نہ کر سکنے کے نتیجے میں پی سی بی نے فرنچائز کا معاہدہ منسوخ کر دیا۔ اسی سال یہ ٹیم عالمگیر خان ترین گروپ نے دوبارہ خریدلی تھی۔

ملتان سلطانز کے مالک علی ترین اور پی سی بی کے تعلقات میں کشیدگی کے باعث نومبر میں علی ترین نے فرنچائز سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔ جس کے بعد پی سی بی نے پی ایس ایل 11 میں ملتان سلطانز کا انتظام خود چلانے کا اعلان کیا تھا۔

سوشل میڈیا پر اس وقت علی ترین کے حوالے سے چہ مگوئیاں جاری ہیں کہ وہ ملتان سلطانز کی نیلامی کے عمل میں شریک ہوں گے یا نہیں۔ علی ترین کی جانب سے اس حوالے سے حتمی بیان تو سامنے نہیں آیا البتہ انہوں نے ایک تصویر پوسٹ کی ہے جس کے کیپشن میں لکھا ہے کہ’جب آپ کو خبر ملے کہ آپ کی سابقہ معشوقہ دوبارہ شادی کے بندھن میں بندھنے جارہی ہیں‘۔

اس سے قبل پی سی بی دو نئی فرنچائزز کی نیلامی کا عمل کامیابی سے مکمل کرچکا ہے جس میں سیالکوٹ اور حیدرآباد کی فرنچائزز شامل ہیں۔ جس کے بعد پی ایس ایل 11 میں اب آٹھ ٹیمیں ایکشن میں نظر آئیں گی۔

پی ایس ایل کی ساتویں ٹیم ’ایف کے ایس گروپ‘ کے مالک فواد سرور نے 175 کروڑ روپے میں خریدی اور ٹیم کے لیے حیدرآباد کے نام کا انتخاب کیا جبکہ ’او زیڈ ڈیولپرز‘ نے آٹھویں ٹیم کے لیے سب سے زیادہ 185 کروڑ روپے کی بولی لگا کر لیگ کی مہنگی ترین ٹیم خرید کر ٹیم کے لیے سیالکوٹ شہر کا نام  منتخب کیا تھا۔

Read Comments