شائع 13 جنوری 2026 12:54pm

ایران پر ممکنہ حملہ، پینٹاگون نے متعدد آپشنز ٹرمپ کے سامنے رکھ دیے

امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے مطابق پینٹاگون نے امریکی صدر کے سامنے ایران کے خلاف مختلف آپشنز پیش کیے ہیں، جن میں ایران کے ایٹمی پروگرام پر ممکنہ حملے کے ساتھ ساتھ سائبر حملے اور ملک کے اندرونی سیکیورٹی نظام کو نشانہ بنانے کے امکانات شامل ہیں۔

امریکی اخبار نے پینٹاگون کے ایک عہدیدار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ایسے حملے چند دنوں کے اندر ممکن ہیں۔ صدر ٹرمپ کو منگل کے روز ان آپشنز پر بریفنگ دی جائے گی۔

امریکی میڈیا کے مطابق ایرانی سرحد کے نزدیک امریکی بمبار طیاروں کی پروازیں جاری ہیں، جس سے خطے میں کشیدگی میں اضافہ ہو گیا ہے۔

وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیویٹ نے کہا کہ فضائی حملے متعدد آپشنز میں سے ایک ہیں، لیکن صدر کے لیے سفارتکاری ہمیشہ اولین ترجیح ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایرانی حکومت کی عوامی تقریریں اور انتظامیہ کو نجی طور پر ملنے والے پیغامات کافی مختلف ہیں، اور صدر اس معاملے کو دریافت کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

نیویارک ٹائمز کے مطابق ٹائمز آف اسرائیل نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ اسرائیلی حکام کو اس حوالے سے یقین ہے کہ امریکی صدر ایران پر حملے کی دھمکی پر عمل کر سکتے ہیں۔

اسرائیلی دفاعی فورسز بھی کسی غیر متوقع صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ پر ہیں۔

خیال رہے صدر ٹرمپ نے اتوار کی رات کہا تھا کہ ایران نے ان کی ریڈ لائن عبور کر دی ہے۔ انہوں نے مظاہرین پر مہلک طاقت کے استعمال کی صورت میں کہا تھا کہ وہ ان کی مدد کریں گے۔

صدر ٹرمپ نے ایک اور بیان میں کہا تھا کہ جو بھی ممالک ایران کے ساتھ کاروبار کر رہے ہیں، امریکہ ان پر 25 فیصد ٹیریف عائد کرے گا۔

Read Comments