جے ایف 17 تھنڈر کی فروخت چین کی رضامندی سے ہوگی: وزیر دفاعی پیداوار
پاکستان نے چین کے ساتھ مشترکہ طور پر تیار کیے گئے 4.5 جنریشن کے جدید لڑاکا طیارے جے ایف 17 تھنڈر کی فروخت اور خریداری کے حوالے سے بڑے بین الاقوامی مذاکرات کی تصدیق کر دی ہے۔
وزیرِ دفاعی پیداوار رضا حیات ہراج نے برطانوی نشریاتی ادارے ’بی بی سی‘ کو بتایا کہ یہ ملٹی رول طیارہ کئی بڑے ممالک کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے اور اس کی فروخت پر مختلف ممالک کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اس معاہدے میں چین کی بھی رضامندی شامل ہوگی۔
جے ایف 17 تھنڈر بلاک تھری اے ای ایس اے ریڈار اور لانگ رینج بی وی آر میزائل سے لیس ہے اور فور پوائنٹ فائیو جنریشن کا طیارہ ہے، جو مختلف قسم کے جنگی مشنز میں حصہ لینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
وزیرِ دفاعی پیداوار کے مطابق دنیا بھر میں اس قسم کے جدید لڑاکا طیاروں کی قیمت عموماً 250 سے 350 ملین ڈالر کے درمیان ہوتی ہے، لیکن جے ایف 17 تھنڈر کی قیمت ان طیاروں کے مقابلے میں کم ہے، جس کی وجہ سے یہ بین الاقوامی مارکیٹ میں بھی اپنی کشش رکھتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس طیارے کی قیمت 40 سے 50 ملین ڈالر تک ہے اور ایڈوانس فیچرز شامل کیے جانے پر بڑھ بھی سکتی ہے۔
یہ طیارہ خریدار ممالک کے لیے دفاعی صلاحیت میں اضافے کا سبب بن سکتا ہے اور بھارتی فضائیہ کے لیے ایک نیا چیلنج بھی ثابت ہو سکتا ہے۔
جے ایف 17 تھنڈر کی تکنیکی خصوصیات اور کم قیمت اسے عالمی سطح پر دلچسپی کا مرکز بنا رہی ہیں، اور پاکستان اس کی فروخت کے لیے بین الاقوامی مذاکرات میں فعال کردار ادا کر رہا ہے۔