اپ ڈیٹ 13 جنوری 2026 01:12pm

حماس کی غزہ کا انتظام آزاد فلسطینی ادارے کے حوالے کرنے کی ہدایات

حماس نے غزہ کی پٹی کے انتظامی امور سے دستبردار ہونے کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے تمام سرکاری اداروں کو ایک آزاد فلسطینی ٹیکنوکریٹک اتھارٹی کے حوالے کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ حماس کے مطابق یہ فیصلہ واضح، حتمی اور پہلے سے طے شدہ منصوبے کا حصہ ہے۔

حماس کے ترجمان حازم قاسم نے کہا ہے کہ غزہ کا انتظام ایک آزاد فلسطینی ادارے کے سپرد کرنے کا فیصلہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے غزہ امن کونسل کے قیام سے متعلق بیان کے بعد کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ غزہ کے اداروں سے دستبردار ہونے کا فیصلہ مکمل طور پر واضح اور حتمی ہے۔

خبر رساں ادارے مڈل ایسٹ مانیٹر کے مطابق حماس کی جانب سے غزہ کی پٹی کے تمام اداروں کو ایک آزاد فلسطینی ٹیکنوکریٹک باڈی کو مکمل اختیارات منتقل کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

ترجمان نے واضح کیا کہ اس اقدام کا مقصد یہ ہے کہ ٹیکنوکریٹک اتھارٹی اپنے فرائض مؤثر اور بلا رکاوٹ انجام دے سکے۔

حازم قاسم کے مطابق اختیارات کی منتقلی کا یہ عمل اس منصوبے کا بھی حصہ ہے جس کے تحت غزہ میں جنگ بندی عمل میں آئی تھی اور جس پر شرم الشیخ میں دستخط کیے گئے تھے۔

انہوں نے یاد دلایا کہ فلسطینی دھڑوں کے درمیان اس سے قبل اس بات پر اتفاق ہو چکا ہے کہ غزہ کا انتظام ایک عارضی فلسطینی کمیٹی کے حوالے کیا جائے گا، جو آزاد شخصیات اور مقامی ماہرین پر مشتمل ہوگی۔

یہ اتفاق 24 اکتوبر کو قاہرہ میں ہونے والے فلسطینی دھڑوں کے اجلاس کے دوران کیا گیا تھا۔

Read Comments