افغان کرکٹر محمد نبی اور بیٹے نے ایک ہی ٹیم میں کھیل کر نئی تاریخ رقم کردی
افغانستان کے لیجنڈ کرکٹر محمد نبی اور ان کے بیٹے حسن عیسیٰ خیل نے بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) میں ایک ہی ٹیم میں کھیل کر نئی تاریخ رقم کردی ہے۔
محمد نبی اور ان کے بیٹے کی جوڑی ٹی 20 کرکٹ کی تاریخ میں ایک ٹیم سے کھیلنے والے باپ بیٹے کی پہلی جوڑی بن گئی ہے۔
بی پی ایل میں محمد نبی اور حسن عیسی خیل نے نوکھالی ایکسپریس کی نمائندگی کی، جہاں باپ بیٹے نے چوتھی وکٹ پر 53 رنز کی شراکت قائم کی اور اس دوران 19 سالہ حسن عیسیٰ خیل نے 60 گیندوں پر 92 رنز بنائے، انہوں نے 7 چوکے اور 5 چھکے لگائے اور اپنی ٹیم کی اننگز کو سہارا دیا۔
میچ سے قبل محمد نبی نے ٹاس سے پہلے اپنے بیٹے کو نوآخالی کی کیپ پیش کی۔ اس موقع پر محمد نبی نے کہا کہ اپنے بیٹے کےساتھ کھیلنے پر کافی خوش ہوں، بیٹے کے ساتھ کھیلنے کے لیے کافی عرصے سے انتظار کررہا تھا، بیٹے کو پروفیشنل کرکٹر بنایا اور اس نے ڈیبیو پر اچھی پرفارمنس دکھائی، میچ سے ایک دن قبل90 منٹ تیاری کی، بیٹے کو بتاتا رہا کس طرح کی بولز کا سامنا کرنا پڑے گا۔
اس موقع پر حسن عیسیٰ خیل نے کہا کہ ہم اچھے دوست ہیں، والد سخت مزاج نہیں لیکن ٹریننگ میں سختی کرتے ہیں، افغانستان نیشنل ٹیم کی جانب سے کھیلنا میرا خواب ہے۔
یاد رہے کہ اس میچ میں نوکھالی ایکسپریس نے ڈھاکا کیپیٹلز کو 41 رنز سے شکست دی تھی۔ اس سے قبل نوکھالی کی ٹیم مینجمنٹ کو ابتدائی 6 میچز میں ناکامی کے بعد شدید تنقید کا سامنا تھا، جس کے بعد ٹیم میں متعدد تبدیلیاں کی گئیں اور حسن عیسیٰ خیل کی بھی ٹیم میں شمولیت ہوئی جنہوں نے میدان میں اترتے ہی اپنی صلاحیتوں کا بھرپور ثبوت دیا۔