اپ ڈیٹ 12 جنوری 2026 05:49pm

ٹرمپ نے خود کو وینزویلا کا عبوری صدر قرار دے دیا

وینزویلا کے سیاسی بحران میں ایک دلچسپ موڑ آیا ہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خود کو ’وینزویلا کا عبوری صدر‘ قرار دے دیا ہے۔

ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر ایک تصویر پوسٹ کی ہے، جس میں انہوں نے خود کو جنوری 2026 سے وینزویلا کا عبوری صدر لکھا ہے۔

یہ تصویر وکی پیڈیا پیج جیسے اسٹائل میں تیار کی گئی تھی، تاہم حقیقی وکی پیڈیا پر اس طرح کی کوئی پوسٹ موجود نہیں ہے۔

ٹرمپ کی یہ پوسٹ وینزویلا کے موجودہ بحران کے پس منظر میں سامنے آئی ہے، جس کی ابتدا اس وقت ہوئی جب امریکی فوج نے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو ایک فوجی آپریشن کے دوران گرفتار کیا اور انہیں نیو یارک لے جایا گیا۔

مادورو پر منشیات اسمگلنگ اور دیگر جرائم کے الزامات ہیں، جن کا سامنا وہ نیو یارک کی عدالت میں کر رہے ہیں۔

وینزویلا میں مادورو کی گرفتاری کے بعد ملک کی سپریم کورٹ نے نائب صدر ڈیلسی روڈریگیز کو عبوری صدر مقرر کیا تھا۔

روڈریگیز نے اپنے عہدے کو درست قرار دیا ہے اور مادورو کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے، انہوں نے امریکا سے تعاون کے لیے بات چیت کی پیشکش بھی کی ہے۔

ٹرمپ نے مادورو کی گرفتاری کے بعد ایک بیان میں کہا تھا کہ امریکا وینزویلا کا انتظام عارضی طور پر سنبھالے گا اور اگلے مرحلے میں ایک محفوظ اور مناسب عبوری انتظام کی کوشش کرے گا۔

ٹرمپ کے مطابق، اس دوران وہ وینزویلا کے تیل کے وسائل عالمی منڈی میں بیچے گا۔

Read Comments