شائع 11 جنوری 2026 04:08pm

نائٹ آپریشن میں لیزر: تنقید کے بعد بھارتی فوج کی ’لیزر کے بغیر‘ نئی ویڈیو جاری

بھارتی فوج نے ایک نئی پرومو ویڈیو جاری کی ہے جس کا مقصد اپنی نائٹ آپریشنز (رات کے وقت جنگی صلاحیت) کی طاقت دکھانا ہے۔ اس سے قبل جاری کی گئی ویڈیو میں پیشہ ورانہ غلطی کے باعث سوشل میڈیا صارفین نے خوب مذاق اڑایا تھا جس کے بعد اب نئی ویڈیو جاری کی ہے۔

بھارتی فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ ’ایڈیشنل ڈائریکٹوریٹ جنرل آف پبلک انفارمیشن‘ کے اکاؤنٹ سے جاری کی گئی گزشتہ تشہیری ویڈیو جدید ’نائٹ وژن ٹیکنالوجی‘ اور اسپیشل فورسز کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے جاری کی گئی تھی۔

ویڈیو میں دکھایا گیا تھا کہ بھارتی سپاہی اندھیرے میں ’لیزر گائیڈڈ‘ ہتھیاروں کے ساتھ پیش قدمی کر رہے ہیں۔ جس کا مقصد یہ پیغام دینا تھا کہ بھارتی فوج رات کی تاریکی میں آپریشنز اور جنگ میں بھی مہارت رکھتی ہے۔

ویڈیو میں بھارتی فوج کے اہلکاروں کی نقل و حرکت کے ساتھ وائس اوور میں سنا جاسکتا ہے کہ ’ہم سائے کے ساتھ حرکت کرتے ہیں اور راتوں کے مالک ہیں‘۔

اسکے علاوہ اسکرین پر لکھا نظر آرہا ہے کہ ’یہ سرخ لکیر صرف ایک وارننگ نہیں بلکہ یہ فیصلہ ہے‘۔

ویڈیو میں ہتھیاروں پر نصب ’لیزر لائٹس‘ کا بے تحاشہ استعمال دکھایا گیا تھا۔

سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو نشر ہوتے ہی صارفین نے اسے خوب آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ جنگ یا نائٹ آپریشن میں ایسی روشن لیزر کا استعمال خودکشی کے مترادف ہے کیونکہ یہ دشمن کو آپ کی صحیح پوزیشن فوری طور پر بتا دیتی ہے۔

ویڈیو پر ایک تبصرے میں سوال اٹھایا گیا کہ سپاہی اس اندھیری رات میں ننگی آنکھ اور بنا کسی آلے یا ٹارچ کے دشمن کو کیسے ڈھونڈے گا؟ جب اسے نظر ہی نہیں آئے گا تو لیزر سے کسی کو نشانہ کیسے بنائے گا؟

ایک اور صارف نے اندھیرے میں نائٹ وژن نہ پہننے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم رات کے مالک ہیں لیکن ہمارے پاس نائٹ وژن آپٹکس نہیں ہیں مگر لیزرز ہیں جو دور سے دیکھی جاسکتی ہیں اور ہماری موجودگی کا پتہ دیتی ہیں‘۔

ایک صارف نے اس پر تبصرہ کیا کہ اس ویڈیو کو ڈیلیٹ کرنے کا بہترین وقت وہ تھا جب اِسے پوسٹ کیا گیا تھا تاہم اب بھی بہتر ہے کہ اسے ڈیلیٹ کردیا جائے۔

دوسرے سوشل میڈیا صارف نے اس ویڈیو کو سنگین غلطی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ بااختیار ہوتے تو پوری ’پی آر‘ (تعلقات عامہ) ٹیم کا کورٹ مارشل کر دیتے۔

اس غیر حقیقت پسندانہ ویڈیو پر شدید تنقید اور تمسخر اڑنے کے بعد بھارتی فوج نے اتوار کے روز نئی ویڈیو جاری کی ہے تاہم اس میں ’لیزر لائٹس‘ کا استعمال نہیں دکھایا گیا۔

اس کے باوجود صارفین گزشتہ ویڈیو کو نہیں بھولے، جو اب بھی سوشل میڈیا پر موجود ہے جبکہ نئی ویڈیو پر بھی میمز اور مزاحیہ تبصروں کا طوفان اُمڈ آیا ہے۔

یوں بھارتی حکومت کی جانب سے ماضی میں پاکستان اور دیگر حریف ممالک سے متعلق دیے گئے مضحکہ خیز بیانات پر سوشل میڈیا صارفین کی تنقید کے بعد اب بھارتی فوج کا ’پبلسٹی اسٹنٹ‘ بھی ناکام ہوتا نظر آرہا ہے۔

Read Comments