شائع 10 جنوری 2026 06:22pm

ایران-امریکا تنازعات کے خاتمے اورامن کے لیے پاکستان کی سفارت کاری اہم قرار

دی نیشنل انٹرسٹ کے مطابق ایران میں حالیہ کشیدگی اور حکومتی تبدیلی کی کوششوں کے تناظر میں پاکستان مؤثر سفارت کاری کے ذریعے خطے میں امن قائم رکھنے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ امریکی جریدے کا کہنا ہے پاکستان نہ تو ایران میں مداخلت کا حامی ہے اور نہ ہی کسی عسکری کارروائی کی حمایت کرتا ہے۔

ایران میں حالیہ کشیدگی اور امریکی مداخلت کے خدشات کے درمیان پاکستان کی سفارت کاری کو اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ امریکی جریدے نے اعتراف کیا کہ پاکستان ایران میں کسی بھی فوجی کارروائی یا حکومت میں تبدیلی کا حامی نہیں ہے اور اس صورت حال میں خطے میں امن قائم رکھنے کے لیے سفارتی راستے پر توجہ مرکوز کر رہا ہے۔

دی نیشنل انٹرسٹ کے مطابق پاکستان کو بھارت اور افغانستان سے دہشت گردانہ حملوں کا سامنا ہے، پاکستان اپنی مغربی سرحد پرجنگ اور بے امنی برداشت نہیں کرسکتا، اس پس منظر میں ایران میں فوجی مداخلت خطے کو غیر مستحکم کر سکتی ہے اور دہشت گردانہ گروہوں کو تقویت دے سکتی ہے۔

امریکی جریدے کا کہنا ہے کہ ایران میں رجیم چینج سے فتنہ الہندوستان کو ہتھیار میسر آسکتے ہیں، پاکستان میں مہاجرین کے ہجوم اور بنیادی قومی سلامتی کا مسئلہ ہے، ایران وینزویلا کے برعکس مضبوط فوجی طاقت ہے، خلیجِ فارس میں تیل کی ترسیل متاثر کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

جریدے کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیراور امریکی صدر ٹرمپ ملاقات سے دونوں ممالک کے تعلقات بہتر ہوئے ہیں، پاکستان پرتشدد طریقے سے ایران میں حکومتی تبدیلی کا حامی نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ علاقائی تنازعات کے خاتمے اورامن کے لئے پاکستان کی سفارت کاری اہم قراردی جا رہی ہے۔

دی نیشنل انٹرسٹ کا مزید کہنا ہے کہ وینزویلا کے بعد ایران کو اگلا ہدف بنانے کا تصور مضبوط ہوا، ٹرمپ نے ایران میں مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤں پر مداخلت کا کہا، ایران کے ساتھ وینزویلا جیسا رویہ ناکام تصور ہوگا، جنوبی ایشیا میں ایک سنگین کثیر الجہتی بحران کو جنم دے سکتا ہے، ایران کیخلاف کارروائی کی مخالفت پورے خطے میں پھیلی ہے۔

پاکستان پہلے ہی کشیدگی کم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے اور امریکا و ایران دونوں کے ساتھ اچھے تعلقات رکھتا ہے۔ بین الاقوامی جریدوں نے بھی تسلیم کیا ہے کہ پاکستان خطے میں امن قائم رکھنے اور ایران کے خلاف عسکری کارروائی کو روکنے میں مؤثر کردار ادا کر رہا ہے۔

دی نیشنل انٹرسٹ کے مطابق، ایران میں وینزویلا کے بعد ممکنہ مداخلت کا خطرہ بڑھا ہے، لیکن پاکستان نے واضح کر دیا ہے کہ وہ تشدد کے بجائے سفارتی حل پر زور دے گا، تاکہ پورے خطے میں استحکام قائم رہے۔

Read Comments