شائع 10 جنوری 2026 02:43pm

پاکستان نیوی کا بحری جہاز سے فضا میں مار کرنے والے جدید میزائل کا کامیاب تجربہ

پاک بحریہ نے شمالی بحیرۂ عرب میں جامع بحری مشق کا انعقاد کیا جس میں ایل وائے 80 این ایئر ڈیفنس میزائل کا ہدف کو نشانہ بنانے کا کامیاب تجربہ کیا گیا۔ مشقوں میں جدید میزائل سسٹمز، لوئٹرنگ میونیشن اور بغیر پائلٹ بحری جہازوں کی کارکردگی کو جانچا گیا، جو پاکستان نیوی کی جدید جنگی تیاریوں کا واضح ثبوت ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان نیوی کی جانب سے ہونے والی مشق کے دوران روایتی اور بغیر پائلٹ ایئر ڈیفنس سسٹمز کی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر ایل وائی 80 این سرفیس ٹو ایئر میزائل کا کامیاب تجربہ کیا گیا، جسے ورٹیکل لانچنگ سسٹم کے ذریعے طویل فاصلے تک فائر کیا گیا۔

میزائل نے فضائی ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنایا، جس سے پاکستان نیوی کے جدید اور مضبوط فضائی دفاعی نظام کی توثیق ہوئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مشق کے دوران لوئٹرنگ میونیشن کے ذریعے سطحی اہداف کو بھی کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔ لوئٹرنگ میونیشن نے مؤثر اسٹرائیک صلاحیت کا عملی مظاہرہ کیا، جو جدید جنگی تقاضوں کے مطابق پاکستان نیوی کی تیاریوں کو ظاہر کرتا ہے۔

اس کے علاوہ کھلے سمندر میں بغیر پائلٹ سطحی بحری جہاز کے کامیاب آزمائشی تجربات بھی کیے گئے۔ ان تجربات کے دوران بغیر پائلٹ بحری جہاز نے تیز رفتاری، مشن کی تکمیل کی صلاحیت، انتہائی پھرتی، درست نیویگیشن اور خراب موسمی حالات میں مؤثر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ آزمائشی تجربات خودکار بحری ٹیکنالوجی میں پاکستان نیوی کی نمایاں پیش رفت کا ثبوت ہیں۔

چیف آف نیول اسٹاف نے مشق میں حصہ لینے والے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور تیاریوں کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان نیوی کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بحریہ ملکی سمندری دفاع اور قومی بحری مفادات کے تحفظ کے لیے ہر دم تیار اور پرعزم ہے۔

Read Comments